ریاست اترپردیش کے ضلع بنارس میں پہلی بار عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر جلوس محمدیﷺ نہیں نکالا جائے گا۔لوگ گھروں، مسجدوں یا میدان میں عید میلاد النبیﷺ کا جلسہ محفل نعت خوانی کا اہتمام کریں گے۔
شہر قاضی بنارس مولانا غلام یٰسین نے کہا کہ' رواں برس کورونا وبا کے مدنظر ضلع مجسٹریٹ نے جو ہدایات جاری کی ہیں اس پر شہر کے سبھی لوگ عمل کریں نعت خوانی، جلسہ عید میلادالنبیﷺ و دیگر تقریبات مسجد و مدرسہ اور میدان میں منعقد ہوں گے لیکن سڑکوں پر جلوس نہیں نکلے گا۔
مولانا حسین حبیبی نے کہا کہ' 25 اکتوبر کو ضلعی مجسٹریٹ نے جلوس محمدیﷺ کے سلسلے میں میٹنگ طلب کی تھی جس میں شہر کے معزز حضرات نے شرکت کی اور سبھی نے اپنے مطالبات ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کوشل راج شرما کے سامنے رکھے تھے اس وقت ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے بنارس کے لوگوں سے کہا تھا کہ' رواں برس جلوس نہیں نکلے گا حالانکہ 200 افراد پرمشتمل مساجد، مدارس و دیگر میدان میں جلسہ، محفل نعت خوانی و دیگر تقریبات منعقد کی جا سکتی ہیں۔
مولانا حسین حبیبی نے کہا کہ' ہم نے بھی اپنے مطالبات ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے سامنے رکھے جس کے بعد ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے کہا کہ آپ سے پھر بات ہوگی، لیکن اس وقت سے اب تک ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے اس سلسلے میں کوئی بات نہیں کی ہے اور جب تک ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کوئی تحریری حکم نہیں دیتے اس وقت تک جلوس نکالنے کے ارادے برقرار رہیں گے۔
آپ کو بتا دیں کہ ہر برس شہر بنارس کے ریوڑی تالاب علاقے سے شہر کا تاریخی جلوس عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر نکلتا ہے جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ ہوتے ہیں۔ اور جوش وخروش کے ساتھ عید میلاد النبیﷺ کی تقریبات منائی جاتی ہے۔
مزید پڑھیں:
میرٹھ : سیلنڈر پھٹنے سے دو افراد ہلاک، کئی زخمی
لیکن رواں برس کرونا وائرس کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں عید میلاد النبیﷺ کی تقریبات منسوخ ہو سکتی ہیں، وہیں جلوس محمدیﷺ کے سلسلے میں بھی ضلع مجسٹریٹ کا حکم ہے کی جلوس محمدی بھی سڑکوں پر نہیں نکالا جائے گا ۔