رمضان سے قبل ریاست کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ تھا کہ' وہ رمضان کے موقعے پر مسلم علاقوں میں اشیاء ضروریہ کی کمی نہیں ہونے دیں گے۔ مزید ریڈ ژون علاقوں تک بھی ضروری اشیا پہنچائی جائے گی۔ اس سلسلے میں وارانسی کے ضلع مجسٹریٹ کوشل راج شرما نے دعوی کیا تھا کہ مسلم علاقوں میں کسی بھی چیز کی کوئی کمی نہیں ہونے دیں گے'۔
اس سلسلے میں یوگی ادتیہ ناتھ نے سبھی افسران سے میٹنگ کرکے ضروری ہدایات دی تھی۔ اس کے باوجود بنارس کے مسلم اکثریتی علاقے دال منڈی میں اشیاء ضروریہ کی قلت کی شکایت موصول ہورہی ہے۔
مقامی باشندوں کا الزام ہے کہ' افطار کا وقت ہورہا ہے اور ضروری اشیاء نہیں مل رہی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا ہے'۔
دال منڈی کے رہائشی نظام الدین نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ بنارس کے دیگر علاقوں میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے دکانوں کی نشاندہی کر کے اور ان کو رمضان کے مہینے میں کھولنے کا حکم دیا ہے لیکن دال منڈی کے علاقے میں ابھی تک اس حکم نامے کا لوگ انتظار کر رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے اور افطار و سحری میں کھانے والی اشیاء کی عدم موجودگی کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا ہے'۔