بنارس میں آج (21) رمضان المبارک کو جلوس، نوحہ خوانی اور مجلس کا اہتمام کیا جاتا تھا لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے جلوس اور مجلس کو منسوخ کردیا گیا ہے۔ شیعہ رہنما فرمان حیدر نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے عوامی سطح کی مجلس اور جلوس نہیں نکالا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بارگاہ فاطمہ میں شبیہ روضۂ حضرت علیؓ کی جگہ پر روایتی طور طریقے کو برقرار رکھتے ہوئے چار لوگوں نے تابوت برآمد کیا اور گھروں میں نوحہ خوانی، ایصال ثواب، ماتم اور مجلس کا اہتمام بھی کیا۔
اس کے ساتھ ہی حضرت علی کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ ان کو اس برس سب سے بہترین خراج عقیدت پیش کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ عید میں خریداری نہ کریں۔ کپڑوں کی جگہ ماسک اور رومال خرید کر عوام میں تقسیم کریں، عطر کی جگہ پر سینیٹائیزر خرید کر لوگوں میں تقسیم کریں تاکہ کورونا وائرس کی وباء سے بچا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت علی کے پیغامات پر عمل کریں اور غریب مسکین کو دل کھول کر امداد کریں۔ واضح رہے کہ داماد رسول فاتح خیبر باب العلم حضرت علی کرم اللہ تعالی وجہہ الکریم کو رمضان المبارک میں حالت روزہ میں مسجد میں تلوار سے حملہ کیا گیا تھا، جس کے بعد زخموں کی تاب نہ لا کر کے 21 رمضان المبارک کو جام شہادت نوش کر لیے۔