خواجہ غریب نواز کے 808 ویں عرس کے موقع پر بنارس سے اس بار بھی ایک خصوصی ترنگا چادر روانہ کی گئی ہے۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے بنکر ایکشن کمیٹی کے ذمہ دار سرفراز احمد نے بتایا کہ یہ ترنگا چادر گذشتہ 25 سالوں سے کاشی کی سرزمین سے قومی اتحاد کے لیے اجمیر بھیجی جاتی ہے۔
سرفراز احمد نے بتایا کہ پہلے بنارس سے دہلی یہ قافلہ پہنچے گا جہاں مہاتما گاندھی کی سمادھی پر پہنچتے ہوئے 28 فروری کو ہم وزیر اعظم مودی سے ملیں گے۔ اس کے بعد قافلہ اجمیر شریف کے لیے روانہ ہوگا، جہاں درگاہ میں ترنگا چارد پیش کی جائے گی اور ملک کی یکجہتی 'سالمیت اور ترقی' دہشت گردی سے آزادی کے لیے دعا ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ بنارس کے بنکروں کی تیار کردہ یہ چادر پیش کرکے خواجہ غریب نواز کی بارگاہ میں خدا سے ملک کے اتحاد و اتفاق کی دعا مانگیں گے۔
اس قافلے میں بنارس سے فریدہ خاتون، عبد الرحمن، کلام احمد، محمد صدیق، نذرالحق، اور شاہجہاں کے علاوہ متعدد افراد شامل ہیں۔