گجرات میونسپل انتخابات سے قبل وزیر اعلیٰ وجے روپانی نے اتوار کو بڑودہ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'لو جہاد' کے خلاف قانونی تیاری کرلی گئی ہے۔
روپانی نے کہا کہ 'لو جہاد کے خلاف سخت قانون بنانے کی تیاریاں کی گئی ہیں۔ ہم آئندہ اسمبلی اجلاس میں اس مسئلے پر ایک بل لائیں گے۔ لڑکیوں کو لالچ دینے والے معاملات زیادہ دن نہیں چلیں گے۔'
انہوں نے مزید کہا کہ 'گجرات کی حکومت لو جہاد ایکٹ کو جلد ہی نافذ کرے گی۔'
وزیر اعلیٰ کا یہ بیان اتوار کو بڑودہ میونسپل کارپوریشن کے لئے ترسالی علاقے میں ایک مہم کے دوران سامنے آیا ہے۔
ریلی کے فوراً بعد ہی وزیر اعلیٰ اسٹیج پر گر پڑے اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم ان کی صحت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ گجرات میں بلدیاتی انتخابات کے لئے ووٹنگ 21 فروری کو ہوگی جبکہ گنتی اور نتائج کا اعلان 23 فروری کو ہوگا۔
ریاست اتر پردیش میں پہلے ہی 'لو جہاد' کے خلاف ایک قانون نافذ کیا جا چکا ہے۔