مرکز کے زیر انتظام ریاست جموں و کشمیر کے ضلع اودھمپور میں بھی وجے ڈے منایا گیا، اس تقریب کا اہتمام ضلع ایسٹ آرمی کونسل نے کیا تھا۔
اس تقریب میں شہداء کی یادگار پر ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں اودھمپور کے سیاسی رہنما، طلباء کے علاوہ این جی اوز نے بھی شرکت کی۔
واضح رہے کہ اس موقع پر سنہ 1971 میں شہید ہونے والے بھارتی فوجیوں کو یاد کیا گیا اس خراج تحسین کی تقریب میں شہدا کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گذشتہ ماہ کپواڑہ کے ایولانچ میں شہید ہونے والے نکِھل شرما کے اہل خانہ کو اعزاز سے نوازا گیا اور اسی کے ساتھ صوبیدار سکھیود سنگھ کے اہل خانہ کو بھی نوازا گیا۔
ڈسٹرکٹ سابق فوجی افسر کونسل کے سربراہ اماکانت شرما نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کی نوجوان نسل کو بھی بھارتی فوج میں شامل ہونے کی خواہش کرنی چاہیے۔
خیال رہے کہ سنہ 1971 کی جنگ میں شکست کا سامنا کرنے کے بعد پاکستان کے 93 ہزار فوجیوں کو بھارت کے سامنے ہتھیار ڈالنے پڑے تھے۔
اس جنگ کے 50 برس مکمل ہونے کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی نے نئی دہلی میں قائم 'قومی وار روم' میں 1971 کی جنگ میں ہلاک ہوئے بہادر فوجیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے قومی سمر میموریل میں سنہ 1971 کی جنگ کے ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا، قبل ازیں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے وزیراعظم مودی کا استقبال کیا۔
اس کے بعد وزیراعظم مودی نے 1971 کی جنگ کے شہدا کو پرتپاک خراج تحسین پیش کیا، اس موقع پر 1971 کی جنگ کے سپاہی بھی یہاں موجود تھے۔