کیرالہ ہائی کورٹ نے بدھ کو آن لائن گیمنگ سائٹوں کے برانڈ امبیسڈرز - کرکٹر وراٹ کوہلی، اداکارہ تمنا بھاٹیہ اور اداکار اجو ورگھیز - کو نوٹس جاری کر دیئے۔
ہائی کورٹ نے معروف شخصیات سے 10 دن کے اندر وضاحت طلب کرنے کے علاوہ ریاستی حکومت کو بھی انٹرنیٹ جوئے سے متعلق نوٹس جاری کی ہے۔
اس سے قبل گزشتہ برس تمل ناڈو ہائی کورٹ نے عوامی مفاد میں دائر کی گئی عرضی پر کوہلی اور بھاٹیا سمیت متعدد اہم شخصیات کو نوٹس جاری کیے تھے جن میں آن لائن جوئے اور ایسے پلیٹ فارم کو مبینہ طور فروغ دینے پر برانڈ امبیسڈرز کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
معروف شخصیات سے اس ضمن میں وضاحت طلب کی گئی تھی کہ جوئے کی اپیس کی حمایت کیوں کی جا رہی ہیں باوجودیکہ اس طرح کے اقدامات سے لوگ اثر انداز ہوسکتے ہیں۔
آن لائن گیمز کی حمایت پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے جج صاحبان نے تبصرہ کیا کہ کئی مشہور شخصیات عوام کی فلاح و بہبود کے بجائے اپنی جیبیں بھرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہیں۔
انہوں نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ جاننے کے باوجود کہ لوگ ان کی پیروی کریں گے، مشہور شخصیات اس طرح کے کھیل کی حمایت کیوں کر رہی ہیں۔‘‘