ریاست مہاراشٹر کے پاورلوم صنعتی شہر بھیونڈی میں کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کی تعداد میں تشویشناک اضافہ کو دیکھتے ہوئے مقامی رکن اسمبلی رئیس شیخ کے احتساب فاونڈیشن، ون روپی کلینک اور بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کے اشتراک سے چار جولائی سے بھیونڈی شہر کے مشرقی حلقہ میں واقع گلزار نگر، غیبی نگر علاقے میں ڈور ٹو ڈور سروے مہم کا آغاز کیا گیا۔
موسلادھار دھار بارش کے سبب یہ مہم آج محض تین گھنٹے ہی جاری رہ سکی لیکن ان تین گھنٹوں میں ون روپی کلینک احتساب فاونڈیشن اور میونسپل کارپوریشن کی ٹیم نے تقریباً 486 افراد کی طبی جانچ کر ضروری دوا فراہم کرایا ہے، یہ مہم تقریباً 15 دنوں تک جاری رہے گی جس مین تقریباً ایک لاکھ شہریوں کی طبی جانچ کرکے ضروری دوا دینے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
مہم کے آغاز کے وقت بھیونڈی مشرقی حلقہ کے رکن اسمبلی رئیس شیخ بھی میڈیکل ٹیم کے ساتھ ساتھ تھے اور موسلادھار بارش میں بھی کئی گھنٹوں تک ٹیسٹ اور دوا دینے کا سلسلہ جاری رہا مگر مسلسل بارش کے سبب تین گھنٹے بعد اس سروے مہم کو روکنا پڑا۔
رکن اسمبلی رئیس شیخ نے بتایا کہ بھیونڈی میں اس طرح سے ڈور ٹو ڈور سروے کرنے کی سخت ضرورت ہے تاکہ شہریوں میں کورونا اور دیگر بیماریوں کو لیکر جو خوف وہراس کا ماحول ہے اسے ختم کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ گلزار نگر میں انہوں نے مقامی افراد سے کورونا کےمتعلق اٹھانے جانے والے اقدامات اور مقامی سطح پر لوگوں کی ضرورت بھی تفصیلی گفتگو کیی ہے اور وہ شہر میں ایک بہتر علاج کا نظام قائم کرنے کے لیے کوشاں ہے جس کے لیے مسلسل جدوجہد بھی جاری ہے۔
اس سروے مہم میں کلیدی کردار ادا کرنے والے ون روپی کلینک کے ڈاکٹر راہل گھولے کے ساتھ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل کی ٹیم ، کارپوریشن کا عملہ، احتساب فاونڈیشن کی ٹیم کے علاوہ شاہ عام عرف پپو، جاوید انصاری، ریاض شیخ کرسٹل، فرخ اعظمی کے ساتھ مقامی افراد قابل ذکر ہیں۔