وزیراعظم نریندر مودی کے یوم پیدائش کو نیشنل بےروزگاری دن منانے کی غرض سے پوری وادی کی طرح جنوبی کشمیر کے ترال میں آج یوتھ کانگریس کارکنان نے احتجاج کیا۔ کارکنان نے بی جے پی کی روزگار پالیسی کے حوالے سے تنقید کی۔
احتجاج کی قیادت یوتھ کانگریس کے اسٹیٹ سیکریٹری منپریت سنگھ کر رہے تھے۔ اس موقع پر کارکنان نے راہل گاندھی کے حق میں نعرے لگائے اور قومی سطح پر بڑھتی بےروزگاری کے تعلق سے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے منپریت سنگھ نے بتایا کہ آج جہاں بھارتیہ جنتا پارٹی کے لوگ نریندر مودی کا یوم پیدائش دھوم دھام سے منا رہے ہیں، وہیں بھارتیہ یوا کانگریس آج کے دن کو بےروزگاری کے دن کے بطور منا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ترال: فاروق میر نے سنبھالا بی ڈی او کا چارج
احتجاجیوں نے کہا کہ اس پارٹی نے ووٹ اس بات پر لیے تھے کہ ہر سال دو کروڑ روزگار دستیاب کرائے جائیں گے لیکن اب حقیقت یہ ہے کہ دو ہزار لوگوں کو بھی روزگار نہیں دیا جا رہا ہے۔ مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ راہل گاندھی اگر ملک کے وزیراعظم بن جاتے ہیں تو ملک میں ترقی کی نئ لہر دیکھنے کو ملے گی۔