اطلاع کے مطابق اردو روزنامہ 'آفاق' کے پرنٹر، پبلیشراور ایڈیٹر 62 سالہ غلام جیلانی قادری کو سری نگر کے بال گاڈرن علاقے میں واقع ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔
صحافی اپنے دفتر سے رات 11:30بجے جب گھر پہنچے تو کچھ دیر بعد پولیس نے دروازہ کھٹکھٹایا۔ دروازہ کھولنے کے بعد پولیس قادری کو اپنے ساتھ تھانہ لے گئی۔
پولیس نے بتایا کہ 1992 میں ان کے خلاف ایک کیس درج کیا گیا تھا جس میں 8دیگر صحافی بھی شامل ہیں۔ قادری اس وقت مقامی خبررساں ایجنسی جیک نیوز کے مالک ومدیر تھے۔ یہ نیوز ایجنسی اب بند ہوچکی ہے۔
روزنامہ آفاق کشمیر سے شائع ہونے والے سب سے پرانے اردو اخبارات میں سے ایک ہے۔
اس کیس میں درج دیگر صحافیوں میں سے تین کی پہلے ہی موت ہوچکی ہیں۔
کشمیر ایڈیٹرز گلڈ کے ایک عہدیدار نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ قادری کی گرفتاری قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کیس کی نوعیت کے بارے میں معلومات جمع کررہے ہیں اور ان کی ضمانت کے حوالے سے کوششیں شروع کی گئی ہیں۔
سرکاری سطح پر اس گرفتاری کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں دی گئی ہیں۔