مرحوم کے لواحقین کے مطابق نوجوان کی موت ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر کی لاپرواہی کی وجہ سے ہوئی ہے۔ جاں بحق ہونے والے کے اہل خانہ نے ہسپتال انتظامیہ پر لاپروائی کے الزام لگاتے ہوئے احتجاج کیا۔
مرحوم نوجوان کے والد محمد شفیع وانی ساکنہ بٹہ پورہ درگاہ سرینگر کا کہنا ہے کہ مریض کو بخار کی شکایت تھی۔ جب وہ اسے ہسپتال لے گئے تو وہاں موجود ڈاکٹروں نے مریض کی طرف عدم توجہی کا مظاہرہ کیا۔ جس کی وجہ سے مریض کی صورت حال میں بہتری کی بجائے ابتری آگئی اور مریض دم توڑ گیا۔
لواحقین نے کہا کہ جب مریض کو ہسپتال پہنچایا گیا تو ڈاکٹر مریض کی نبض دیکھنے کی بجائے فون پر بات کررہے تھے۔
انہوں نے لاپرواہی برتنے والے ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مریض کی موت ضرورت سے زیادہ مقدار میں دوائی دینے کی وجہ سے ہوئی ہے۔