ضلع بڈگام کے مین ٹاؤن اور آس پاس علاقوں میں سکیورٹی میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اس تعلق سے ایس ایس پی بڈگام طاہر سلیم نے پولیس، سی آر پی ایف، آرمی و دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ رویو میٹنگ کی۔ میٹنگ میں سکیورٹی اقدامات کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
ایس ایس پی بڈگام نے بتایا کہ جہاں جہاں بھی غیر مقامی باشندے رہتے ہیں وہاں سکیورٹی میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں جہاں پر بھی غیر مقامی مزدور مقیم تھے وہ وہی پر رہ رہے ہیں اور کسی کو بھی نہیں نکالا گیا ہے، ان علاقوں میں صرف سکیورٹی کو بڑھا یاگیا ہے۔
مزید پڑھیں: ہلاکتوں سے خوفزدہ غیر مقامی مزدوروں کی کشمیر سے واپسی
واضح رہے کہ گزشتہ شب سے ہی بڈگام کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی میں اضافہ کیا گیا تھا، مین ٹاؤن بڈگام میں بھی سی آر پی ایف اور پولیس کو تعینات کر دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ضلع کے دیگر مقامات پر سکیورٹی فورسز کی چوکیوں میں بھی اضافی نفری کو تعینات کیا گیا ہے۔