سرینگر: پولیس ترجمان کے مطابق چھتہ بل علاقے میں شمیم علی ناتھ کی موت کی تحقیقات کے سلسلے میں دو مقامی افراد عاشق وانی اور فیاض میوہ فروش کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان افراد کا متوفی شمیم کے ساتھ پیسے کے لین دین کا معاملہ تھا جس کے سبب انہوں نے قرضے کے بدلے ان کے رہائشی مکان پر غیر قانونی طور پر قبضہ کر لیا تھا۔
پولیس کے مطابق ان افراد کے خلاف دفعہ 306 آئی پی سی یعنی شمیم علی کو خودکشی کرنے پر مجبور کرنے اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور ان سے پوچھ تاچھ کی جاری ہے۔ پولیس کے مطابق اس معاملے میں ڈی ایس پی محمد فاروق کی زیر قیادت اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم قائم کی گئی ہے جو اس معاملے کی تحقیقات کرے گی۔
مزید پڑھیں:
واضح رہے کہ شمیم علی ناتھ پانچ جولائی کو گھر سے لاپتہ ہوئے تھے اور انیس جولائی کو عیدگاہ کے سنگم علاقے میں جہلم سے ان کی لاش برآمد کی گئی تھی۔ متوفی کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ گرفتار شدہ عاشق وانی اور فیاض میوہ فروش نے ان کو قتل کردیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی شمیم کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے آنے کے بعد اس معاملے میں اگر قتل ثابت ہوگا تو قتل کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔