سری نگر: مرکزی سرکار نے وادیٔ کشمیر میں واقع شالہ بگ اور ہائی گام آبی گاہوں کو رامسر شائٹس کی فہرست میں شامل کیا ہے جس سے اب یہاں پانچ آبی گاہیں رامسر سائٹ کے زمرے میں ہیں۔ شالہ بگ وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں سولہ کلومیٹر مربع رقبہ میں پھیلا ہے جب کہ ہائی گام ضلع بارہمولہ میں سات کلومیٹر مربع رقبے پر پھیلا ہے۔ Shala Bagh and High Dam Reservoir are included in the Ramsar Site List
یہ بھی پڑھیں:
ان دونوں آبی گاہوں میں سائبیریا، روس، وسطی ایشیا، چین اور یوروپ سے مہمان پرندے موسم سرما میں وارد ہوتے ہیں۔ تاہم گزشتہ برسوں سے ان آبی گاہوں میں غیر قانونی تجاوزات میں اضافہ ہوا ہے اور کئی جگہوں پر قبضہ کیا گیا ہے اور آلودگی سے ان کا رقبہ کم ہوتا جارہا ہے۔ مقامی سرکار ان کا تحفظ کرنے میں کوتاہی کا مظاہرہ کر رہی تھی تاہم امید کی جارہی ہے کہ رامسر فہرست میں شامل ہونے سے ان آبی گاہوں کی حفاظت ممکن ہوسکے گی۔
ان دو آبی گاہوں کے علاوہ جموں و کشمیر میں سرنسر مانسر، ہوکرسر اور ولی جھیل رامسر فہرست میں شامل تھے اور اب ان سائٹس کی تعداد پانچ پہنچ گئی ہے۔ ماحولیاتی کارکنان نے اس قدم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان آبی گاہوں کی حفاظت و دیکھ ریکھ میں اب سرکار سنجیدگی سے کام لے گی۔