مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے سرینگر میں ریجنل ٹرانسپورٹ افسر نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 'پرانی گاڑیوں کے دستاویزات کی تجدید سے متعلق افواہوں پر دھیان نہ دیں۔ اس حوالے سے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے، جو مکمل جانچ کا کوئی بھی فیصلہ لےگی۔'
ریجنل ٹرانسپورٹ افسر کشمیر اکرام اللہ ٹاک کا کہنا ہے کہ 'گزشتہ دنوں پرانی گاڑیوں کے دستاویزات کی تجدید سے متعلق جو خبریں وائرل ہوئی ہیں، وہ سراسر غلط ہیں۔'
دراصل وائرل ہوئی خبروں میں کہا گیا تھا کہ 15 برس پرانی گاڑیوں کے کاغذات کی تجدید کاری عمل میں لائی جائی گی، جو کہ بے بنیاد اور سراسر غلط ہے۔
آر ٹی او کشمیر اکرم اللہ ٹاک نے اس بات کی وضاحت کی کہ 15 برس پرانی گاڑیوں کی جانچ پڑتال کے متعلق پہلے ہی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'پرانی گاڑیوں کی صورتحال کا جائزہ لینا، متعلقہ محکمہ کا معمول کے کام کا ایک حصہ ہے تاہم اب ماحولیاتی صورتحال کو دیکھتے ہوئے مزید احکامات جاری کیے گیے ہیں۔'
واضح رہے کہ حال ہی میں مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ نے جموں و کشمیر کی حکومت کو ہدایات دی ہے کہ مرکز کے زیر انتظام جموں وکشمیر میں 15 برس پرانی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت نہ دی جائے اور ساتھ ہی ایسی گاڑیوں کی فٹنس سرٹفیکیٹ اور دوسرے ضروری کاغذات کی تجدید کا کام بند کریں۔
یہ بھی پڑھیں: 'جموں و کشمیر میں اب ہوگا خاندان راج کا خاتمہ'
اس ضمن میں جموں و کشمیر کے تمام آر ٹی اوز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ 15 برس پرانے کسی بھی نجی یا مسافر بردار گاڑی کے کاغذات دوبارہ نہ بنائیں۔