سری نگر: خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے جاری کاوشوں اور مختلف النوع مہموں کے باوجود صنف نازک کے خلاف جرائم کے گراف میں ہر گذرتے سال کے دوران بتدریج اضافہ ہی درج ہورہا ہے۔ نیشنل کرائم ریکارڈس بیورو کی ایک سالانہ رپورٹ کے مطابق جموں و کشمیر میں سال 2021 میں خواتین کے خلاف جرائم میں 15 فیصد اضافہ درج ہوا ہے۔ NCRB Report on JK
این سی آربی رپورٹ کے مطابق جموں و کشمیر میں سال2019 میں خواتین کے خلاف جرائم کے 3 ہزار 69 مقدمات، سال2020 میں 3 ہزار 4 سو 5 مقدمات جب کہ سال 2021 میں 3 ہزار9 سو 37 معاملات درج ہوئے ہیں۔ خواتین کے خلاف جرائم کے نمایاں واقعات میں ان کے عزت نفس کو مجروح کرنے کی نیت سے کئے جانے والے حملے ہیں۔
مذکورہ رپورٹ کے مطابق جموں و کشمیر میں سال 2021 میں اس نوعیت کے 1 ہزار 8 سو 51 واقعات ریکارڈ ہوئے ہیں اور جموں وکشمیر میں ایسے واقعات کی شرح 28.9 فیصد فی لاکھ ہے، جو ملک کی آٹھ یونین ٹریٹریوں میں سب سے زیادہ ہے۔ این سی آر بی رپورٹ میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر میں سال 2021 میں آئی پی سی کے خصوصی اور مقامی قوانین کے تحت 31 ہزار 6 سو75 مجرمانہ مقدمات درج ہوئے ہیں جبکہ سال 2020 میں 28 ہزار 9 سو 11 ایسے معاملات درج ہوئے تھے۔ جموں و کشمیر میں سال 2021 میں مجموعی طور پر مجرمانہ مقدمات میں 9.5 فیصد اضافہ درج ہوا ہے جبکہ سال 2020 میں 13.7 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا تھا۔
یو این آئی