بڈگام: کشمیری پنڈت کی ہلاکت کے خلاف وادی کشمیر سمیت جموں میں بھی احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ وہیں آج ضلع بڈگام میں مقامی مسلمانوں اور کشمیری پنڈتوں نے کشمیری پنڈت کی ہلاکت کے خلاف کینڈل مارچ نکال کر احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ کشمیری پنڈت کا قتل صرف ان کا ہی نقصان ہی نہیں ہے بلکہ یہاں پوری انسانیت شرمسار ہو رہی ہے۔ اس طرح کے حملوں سے کشمیریت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ Candle Light Protest in Budgam
مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ سرکار کو اس جانب سنجیدہ ہونا چاہیے اور کوئی ایسی پالیسی بنانی چاہیے جس سے اس طرح کے واقعات کو روکا جاسکے۔ وہیں احتجاج میں شریک مقامی مسلمانوں کا کہنا ہے کہ ہم کشمیری پنڈتوں کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں اور کشمیریت کو نقصان پہنچانے والے ان تمام افراد کے خلاف کھڑے ہیں جو اس طرح کا گھناونا کام انجام دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Manoj Sinha on Civilian Killing: شدت پسندوں کو بخشا نہیں جائے گا، منوج سنہا
واضح رہے کہ جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع کے چودھری گنڈ علاقے میں گزشتہ ہفتے کے روز مشتبہ عسکریت پسندوں نے ایک کشمیری پنڈت پورن کرشن بھٹ پر گولیاں برسا کر اسے شدید زخمی کر دیا تھا۔ بھٹ کو فوری طور زخمی حالت میں نزدیکی اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاسکا اور اس کی موت واقع ہوگئی۔