جموں و کشمیر کے سری نگر کے بسنت باغ علاقے میں آگ کی ایک ہولناک آتشزدگی نے شادی کی خوشیوں سے بھرے ایک گھر کو ماتم کدے میں تبدیل کر دیا ہے۔
آتشزدگی نے گھر کی دو بیٹیوں کی شادی کے تمام زیورات، کپڑوں و دیگر سامان کو پل بھر میں ہی راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا۔ ان بیٹیوں کی شادی صرف پندرہ روز بعد ہونے والی تھی۔
گھر کے مالک مشتاق احمد شیخ نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں جب صبح نیند سے بیدار ہوا تو میں نے آگ دیکھی جس نے قریب پندرہ لاکھ روپے کی مالیت کے ساز و سامان کو خاکستر کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ ’’میری تین بیٹیاں ہیں، کوئی بیٹا نہیں ہے۔ ان میں سے دو بیٹیوں کی شادی یکم ستمبر کو طے تھی۔ میں نے زندگی بھر کمائی کر کے ان کی شادی کا سامان جمع کر کے رکھا تھا جو سارا راکھ کی ڈھیر میں تبدیل ہو گیا‘‘۔
مزید پڑھیں: افغانستان کی صورت حال کے اثرات بھارت پر زیادہ نہیں ہوں گے: عمر عبداللہ
ان کا کہنا تھا کہ ’’ہمارے پاس پہنے ہوئے کپڑوں کے سوا کچھ بھی نہیں بچا ہے۔ سڑک پر بیٹھنے کے لائق رہ گئے ہیں’’۔ انہوں نے حکومت سے بھرپور معاوضے کی اپیل کی ہے۔
مقامی لوگوں نے بھی حکومت سے متاثرین کے لئے بھر پور اور بروقت امداد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔