امریکہ کی ایک سرکاری ایجنسی نیشنل سائنس فاؤنڈیشن (این ایس اف) نے کشمیری نیورو سائنس داں مبارک حسین سید کو فیکلٹی ارلی کیرئر ڈیولوپمنٹ پروگرام (کیریئر) ایوارڈ سے سرفراز کیا ہے۔
یہ ایوارڈ ان سائنس دانوں کو دیا جاتا ہے جو تعلیمی میدان میں رول ماڈل ہوتے ہیں اس تنظیم میں سائنسی پیشرفتوں کی سربراہی کرتے ہیں۔
وسطی ضلع بڈگام کے وہاب پورہ سے تعلق ر کھنے والے نیورو سائنس دان مبارک حسین سید اس وقت یونیورسٹی آف نیو میکسیکو (یو این ایم) میں شعبہ حاتیات کے اسسٹننٹ پروفیسر کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہیں اپنے پروجیکٹ پر کام کرنے کے لئے پانچ برسوں کے دوران 1.8 ملین ڈالر کی خطیر رقم دی جائے گی۔
یو این ایم کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق اس پروجیکٹ پر کام کر نے سے سید کو دماغ کی نشو نما اور اس کے کام کرنے کو سمھجنے کے علاوہ طلبا کی رہنمائی کرنے اور اس شعبے میں مزید پیش رفت کرنے کا موقع ملے گا۔
مبارک حسین سید نے اپنے بیان میں کہا کہ میں زائد از ایک دہائی سے پھل کی مکھیوں پر کام کر رہا ہوں جن پر کام کرنے سے میں نے کئی شعبوں میں بنیادی دریافتیں کی ہیں جن میں جنیات اور نیورو سائنس بھی شامل ہے۔
ان کا بیان میں کہنا ہے: ’میں سائنسی پیش رفت اور کلاس روموں میں جاکر مقامی اسکولوں تک پہنچنے کے جذبے سے سرشار ہوں۔ میں کافی عرصہ سے یہ سرگرمیاں انجام دے رہا ہوں‘۔
سید نے بیان میں کہا: ’میں کشمیر سے ہوں اور اپنے وطن میں طلبا کی رہنمائی کے لئے میں نے اس وقت ’جے کے سائنٹسٹس‘ نامی ایک تنظیم شروع کی ہے، جب میں گریجویٹ طالب علم تھا‘۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ اب ایک عوامی تنظیم بن گئی ہے اور نوجوان طلبا کی کاوشوں سے یہ تنظیم آگے بڑھ رہی ہے۔ مبارک حسین سید اعلیٰ تعلیم کے حاصل کرنے کے لئے امریکہ جانے سے قبل کشمیر یونیورسٹی میں زیر تعلیم رہے ہیں۔ کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ حیاتیات کے پروفیسروں نے انہیں ایک ہونہار طالب علم قرار دے کر ان کی کاوشوں کو سراہا۔
یو این آئی