گاندربل: جموں و کشمیر کے گاندربل کنگن شاہراہ پر واقع سندھ نالہ پر انتہائی اہمیت کے حامل پل کی تعمیر کا کام جاریہ سال دسمبر میں مکمل ہوجائے گا جس کے بعد اسے عوام کےلیے کھول دیا جائے گا۔ Kangan Bridge Bridges to be opened for traffic soon
پل کی تعمیر کے بعد کنگن کے متعدد علاقوں میں رہائش پذیر ہزاروں افراد کی آبادی کے علاوہ روزانہ سینکڑوں گاڑیوں سے لداخ، کرگل، امرناتھ یاترا ،سیاحتی مقام سونمرگ جانے والے مسافروں بڑی سہولت ہوگی۔ سال 2018 میں سندھ نالہ پر نئے پل کی تعمیر کے لئے ٹنڈر طلب کیا گیا تھا، جسے ورلڈ بینک کے مالی تعاون سے 23 کروڑ 79 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے۔ تاہم اس دوران این او سی نہ ملنے کی وجہ سے پل کی تعمیر کا کام ایک سال کی تاخیر سے شروع ہوا۔
بالآخر سال 2020 میں معروف تعمیراتی کمپنی ایم ایم شال اور کنگن علاقہ کی نامور حافظ کنسٹریکشن کمپنی کو نالہ سندھ پر نئے پل کی تعمیر کا ٹھیکہ ملا جنہوں نے اکتوبر 2020 کے اکتوبر کے مہینے میں باضابطہ نئے پل کی تعمیر کا آغاز کیا گیا اور جس ڈیزائن کے تحت اس پل کو تیار کیا جارہا ہے یہ کشمیر کا پہلا پل ہے جس کی لمبائی 110 میٹر ہے اور پل کے دونوں طرف پیدل چلنے والوں کے لئے فٹ پاتھ بھی بنایا گیا ہے۔ اسے نالہ سندھ سے دس میٹر کی اونچائی پر تعمیر کیا جارہا ہے۔
سرینگر کنگن شاہراہ پر نالہ سندھ پر نئے پل کی تعمیر پورے ضلع گاندربل کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ گاندربل کنگن شاہراہ پر وائل کے مقام پر لوہے کا بنا ہوا یکطرفہ پل ہزاروں افراد پر مشتمل آبادی کے لئے سوہان روح بنا ہوا ہے۔ اس یکطرفہ پل پر روزانہ گھنٹوں ٹریفک جام کی وجہ سے مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ ہزاروں سیاح اور کرگل، لداخ جانے والے افراد کو گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہیں۔ سال 1992 کے ستمبر کے مہینے میں نالہ سندھ میں سیلاب آنے کے نتیجے میں وائل کے مقام پر لکڑی کا بنا ہوا پل پانی کے تیز بہاو میں بہہ گیا تھا جس کے باعث تین ماہ تک گاندربل اور کنگن کے درمیان چلنے والی گاڑیوں کی آمدورفت بند ہوگئی تھی۔
بیکن اور فوج کی مدد سے تین ماہ میں آمدورفت کے لئے لوہے کا یکطرفہ پل تعمیر کیا گیا تھا، تاہم صرف دو سال کے بعد ہی سال 1994 اگست کے مہینے میں دوسری مرتبہ نالہ سندھ میں زبردست سیلاب آنے سے لوہے کا بنا ہوا یہ پل بھی پانی کے تیز بہاو میں بہہ گیا۔ اس مرتبہ نئے پل کی تعمیر میں ایک سال کا وقفہ لگ گیا، بالآخر 1995 میں بیکن اور فوج کی جانب سے یک طرفہ لوہے کا دوسرا پل بنا دیا گیا جس پر پچھلے 18 برسوں سے گاندربل اور کنگن کے درمیان یک طرفہ ٹریفک جاری ہے۔
گزشتہ 27 برس کے دوران ضلع گاندربل میں کئی بڑے اور اہم پل تعمیر کئے گئے، لیکن بدقسمتی سے وائل کے مقام پر پل تعمیر نہیں کیا جاسکا جس کے سبب منیگام، یارمقام، اندرون، بنہ ہامہ، ہاری پورہ علاقوں سمیت کنگن اور اس سے ملحقہ متعدد علاقوں میں رہائش پذیر آبادی وائل پل پر جاری یک طرفہ ٹریفک کی وجہ سے گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہتے ہیں، یہاں تک کہ کنگن میں موجود ٹراما ہسپتال سے منتقل کئے جانے والے مریضوں کو لے جانے والی متعدد ایمبولینس گاڑیوں کو بھی ٹریفک جام کی زحمت برداشت کرنی پڑتی ہے۔
نئے پل کی تعمیر کے کام کا جائزہ لینے کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل،چیف انجینئر محکمہ تعمیرات عامہ سمیت دیگر اعلی حکام وائل پہنچے۔ اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شہمر سنگھ نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے دے فردوس احمد تانترے کو بتایاکہ ’یہ پل گاندربل عوام کے لئے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ محکمہ تعمیر عامہ اس پل کو رواں سال دسمبر کے مہینے میں مکمل کرے گا جس کے بعد اس پر دو طرفہ ٹریفک چلے گا‘۔
یہ بھی پڑھیں: Kashmir First Electric Train کشمیر میں آئندہ ماہ سے الیکٹرک ٹرین شروع ہونے کا امکان
اس سلسلے میں ڈپٹی پروجیکٹ منیجر کا کہنا ہے کہ اس پل پر ہم نے کام چھ اکتوبر 2020 کو شروع کیا تھا۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ پل نارتھ انڈیا میں فسٹ ٹائپ کا پل ہے۔ ڈپٹی منیجر نے پل کی اہمیت بیان کرتے ہوئے دعوٰی کیا ہے کہ اس کو ڈسمبر کے آخر پر مکمل کیا جائے گا۔ اس دوران پروجیکٹ کے انجینئر نے بھی اس پل سے متعلق تمام تفصیلات کو عوام کے ساتھ شیئر کیا۔