جموں و کشمیر کے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے حزب المجاہدین کے چیف کمانڈر آپریشنز ریاض نائکو کی ہلاکت کا آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے پر جنوبی کشمیر میں تعینات پولیس افسران کو شاباشی دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بدھ کے روز ضلع پلوامہ کے بیگ پورہ میں ہجوم سے نمٹنے کے دوران انتہائی صبر وتحمل سے کام لیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران ہجوم میں شامل افراد کے ساتھ ساتھ سکیورٹی فورسز کے اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
پولیس سربراہ نے کہا کہ بیگ پورہ تصادم، جس میں حزب المجاہدین کے آپریشنل کمانڈر ریاض نائکو سمت دو عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا، کے ہیرو ڈی آئی جی جنوبی کشمیر اتل کمار گوئل، ایس ایس پی اونتی پورہ طاہر سلیم خان اور ان کی ٹیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تصادم میں حصہ لینے والے سبھی سیکورٹی اہلکار مبارکبادی کے حقدار ہیں۔
دلباغ سنگھ نے جمعرات کو دیگر سینئر سیکورٹی عہدیداروں کی موجودگی میں میڈیا کو بتایا: 'میں اپنی ٹیم کو مبارکباد دینا چاہوں گا۔ ہمارے اس آپریشن کے ہیرو ڈی آئی جی جنوبی کشمیر اور ان کی ٹیم ہیں۔ انہوں نے اطلاعات کو جمع کیا، لوکیشن کو ٹریس کیا اور وہ فورسز کو صحیح ہائیڈ آوٹ تک لے کر گئے'۔
انہوں نے شمالی کشمیر کے ہندواڑہ میں مسلح تصادم کے دوران ہلاک ہوئے ایس او جی کے اہلکار صغیر قاضی کو جانباز قرار دیا۔ انہوں نے کہا 'صغیر 14 برس سے ایس او جی سے وابستہ تھا اور تصادم کے مقام پر اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر سب سے پہلے پہنچ جاتا تھا۔'
انہوں نے مزید کہا کہ 'ماہ رمضان کے دوران لوگوں نے جس طرح انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ تعاون کیا وہ قابل قدر ہے۔'
انہوں نے کہا 'مزہبی رہنماؤں نے عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی اور لوگوں نے اس کا مثبت جواب دیا وہ قابل تحسین ہے۔'