جموں کے ایک رہائشی وویک ساگر کی ہائی کورٹ کے وکیل دیپک شرما کے ذریعے آئی ٹی ایکٹ 2000 کے تحت درج شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے جموں وکشمیر حکومت کے سکریٹری برائے محکمہ انفارمیشن و ٹیکنالوجی سمرن دیپ سنگھ نے فیس بک انڈیا کے سربراہ اجیت موہن کو ایڈجوڈیکیٹنگ افسر کے سامنے 12 نومبر کو 2020 ذاتی طور پر حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔
مذکورہ افسر کے سامنے حاضر ہونے کی یہ نوٹس بجاج فائنانس لمیٹڈ کے ڈائریکٹر پرتیش لہوتی اور کواڈرینٹ ٹیلی ونچرس لمیٹڈ کے ڈائریکٹر دنیش قادم کو بھی جاری کی گئی ہے۔
شکایت کنندہ کا الزام ہے کہ فیس بک اور متعلقین نے آئی ٹی ایکٹ 2000 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اس کے ساتھ دھوکہ دہی کی ہے اور بیس ہزار سات سو روپے ہڑپ لیے ہیں۔
سکریٹری نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فیس بک انڈیا کے سربراہ کے نام سمن جاری کی گئی ہے کیونکہ ایک مقامی شخص نے شکایت درج کی ہے جس میں کمپنی سے پیسے ہڑپ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔
بتادیں کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ2000 کے سیکشن 46 کے تحت متعلقہ محکمے کے سکریٹری کو حکومت موصولہ شکایات، جن میں پانچ کروڑ روپے سے کم نقصان کا دعویٰ کیا گیا ہو، سے نمٹنے کے لیے ایڈجوڈیکیٹنگ افسر نامزد کرتی ہے۔