جموں وکشمیر انتظامیہ نے افسران اور ملازمین کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ملازمت کے معاملات سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے مناسب طریقہ کار اختیار کرنے کے بجائے صدر جمہوریہ، وزیر اعظم آفس، لیفٹیننٹ گورنر یا چیف سیکرٹری کو براہ راست رابطہ کرنے سے گریز کریں۔
اس ضمن میں کمشنر سیکرٹری منوج کمار دویدی کی جانب سے جاری سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ یہ مشاہدہ میں آیا ہے کہ جموں وکشمیر کے مختلف سرکاری محکموں میں کام کرنے والے چند افسران اور ملازمین سروس سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے وضع کئے گیے طریقہ کار کو خاطر میں نہیں لارہے ہیں، بلکہ صدر جمہوریہ کے سیکرٹریٹ، وزیر اعظم کے سیکرٹریٹ، ایل جی سیکرٹریٹ اور چیف سیکرٹری آفس وغیرہ سے براہ راست رجوع کررہے ہیں جو کہ جموں وکشمیر سول سروسز کے ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔
سرکاری سرکیولر میں محکموں کے افسران اور ملازمین سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی سروس کے حوالے سے کسی بھی شکایت کے ازالے کے لیے متعلقہ حکام سے ہی رجوع کرنے کے پابند رہیں۔