سری نگر: پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جس کو وائرل ہونے والے ایک ویڈیو میں مبینہ طور پر ایک شیر خوار بچے کو دریا میں پھینکنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ شام سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوا جس میں مبینہ طور ایک شخص کو ایک شیر خوار بچے کو دریا میں پھینکنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے سری نگر پولیس نے فوری کارروائی کرکے اس شخص کی گرفتاری عمل میں لائی۔ گرفتار شدہ کی شناخت محمد عباس ساکن شار شالی پلوامہ کے بطور ہوئی ہے۔ بیان میں کہا گیا، 'گرفتار شدہ نے انکشاف کیا کہ اس کی اہلیہ نے ایک لڑکے کو جنم دیا جو پیدائش کے وقت مردہ تھا اس بچے کی لاش کو اپنے گاؤں لے جانے کی تکلیف سے بچنے کے لئے میں نے اس کو دریا میں پھینکنے کی کوشش کی۔'
موصوف ترجمان نے کہا کہ لیکن لوگوں نے اس کو ایسا کرنے سے روکا اور اس نے بچے کو اپنے گاوں واپس لایا جہاں اس کی تدفین کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل ریکارڈ اور گواہوں کے حقائق کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔
یو این آئی