چنڈی گڑھ میں تفتیشی ادارے انفورس مینٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی) کی جانب سے جے کے سی اے غبن کیس میں سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن میں کروڑوں کے غبن کے الزامات میں ای ڈی فاروق عبداللہ سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
فاروق عبداللہ کو جموں و کشمیر کرکٹ ایسو سی ایشن کے فنڈ میں بے جا تصرف اور بے ضابطگی کے الزامات کا سامنا ہے۔
ای ٹی وی بھارت سے ٹیلی فون پر بات کرتے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا: 'فاروق عبداللہ سے پوچھ گچھ جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن میں ہونے والی بے ضابطگیوں کے پیش نظر ہو رہی ہے۔'
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے مطابق بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ انڈیا کی جانب سے جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کو سال 2002 سے 2011 تک ریاست میں کھیل کو فروغ دینے کے لیے تقریبا 112 کروڑ روپے فراہم کیے گئے تھے جس میں سے تقریبا 43.69 کروڑ روپیوں کا غلط استعمال کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس اس معاملے کی تحقیقات کرنے کے بعد سینٹرل بیورو آف انوسٹیگیشن نے فاروق عبداللہ، محمد سلیم خان، احسان احمد مرزا اور بشیراحمد کے خلاف سرینگر کی ایک اسپیشل عدالت میں چارج شیٹ پیش کیا تھا۔