سرینگر کے ٹیگور ہال میں کالی داس ٹھیٹر کی گولڈن جبلی (Kalidas Theatre Golden Jubilee) کی تقریب کا ایک رنگا رنگ پروگرام منعقد ہوا۔ پروگرام میں محکمہ سیاحت (Department of Tourism) کے کمشنر سیکرٹری سرمد حفیظ بطور مہمان خصوصی شامل رہے۔
اس پروگرام میں فن اور ادب سے وابستہ کئی نامور شخصیات نے شرکت کی۔ گولڈن جبلی کے موقع پر کالی داس ٹھیٹر کی اس پرُوقار تقریب میں دو سیشن منعقد کئے گیے۔
پہلے سیشن کے دوران دور درشن کیندرا سرینگر کے سابق ڈائریکٹر سوہن لال کول کی کتابیں 'سائیکٹری وارڈ'،'وونل' اور' تلاش روزِ جاری' کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔
اس موقع وادی کے معروف کشمیری شاعر ادیب، قلمکار شاد رمضان اور بشر بشیر نے ان کتابوں پر مختصر تبصرہ پیش کیا جبکہ براڈکاسٹر اور آل انڈیا ریڈیو سرینگر کی سابق ڈائریکٹر رخسانہ جبین نے سوہن لال کول کی تخلیقی صلاحیتوں پر روشنی ڈالی۔
تقریب کے دوسرے حصے میں جہاں بچوں نے ثقافتی پروگرام پیش کیے۔ وہیں وحید جیلانی اور ڈاکٹر شاذیہ نے اپنی مترنم آواز میں چند نغمے پیش کرکے حاضرین کو محظوظ کیا۔
پروگرام کے اخیر میں وادی کشمیر کے ان معروف اداکاروں، پروڈیوسروں، ہدایت کاروں اور قلمکاروں کو ایوارڈز سے بھی نوازا گیا جہنوں نے اپنے اپنے شعبے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
اس موقع پر بشیر داد اور پرانہ شنگلو کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ وہیں طارق جاوید، مشتاق برق اور یعقوب دلکش کے علاوہ دیگر فنکاروں کو بھی اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔
تقریب میں ادب آرٹ اور کلچرل کو فروغ دینے کے لیے ای ٹی وی بھارت کو بھی بہترین ایوارڈ سے نوزا گیا۔
مزید پڑھیں: روڈ سیفٹی ہفتہ اختتام، ای ٹی وی بھارت کو اعزاز سے نوازا گیا
گولڈن جبلی پر وادی کے مزاحیہ اداکار شادی لال کول کو بھی یاد کیا گیا، جبکہ ان کی زندگی سے متعلق ایک 'شارٹ فلم' بھی پیش کی گئی۔
کالی داس ٹھیٹر کے صدر عیاش عارف نے اس موقع کی مناسبت سے کہا کہ ایسی تقریبات کا انعقاد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ فن اور ادب میں کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔
تقریب میں میزبانی کے فرائض براڈکاسٹر رشید نظامی اور رفت آرا نے انجام دیے، جبکہ کالی داس ٹھیٹر کے چئیرمین شبیر مجاہد نے مہمانوں کو شکریہ ادا کیا۔