شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف سائنس صورہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اے جی آہنگر کی ملازمت کی مدت کار امسال 31 دسمبر 2021 ختم ہورہی ہے ۔ڈاکٹر آہنگر اگرچہ رواں برس کے جون مہینے میں سبکدوش ہونے والے تھے تاہم اس سے قبل ہی ان کی ملازمت میں 6 ماہ کی توسیع عمل میں لائی گئی ۔
ڈاکٹر اے جی آہنگر کی سبکدوش اور سکمز صورہ کے نئے ڈائریکڑ کی تعیناتی عمل میں لائے جانے سے متعلق ایل جی انتظامیہ کی جانب سے ایک نوٹیفیکیشن جاری کی گئی یے۔جس میں کہا گیا ہے کہ سکمز کے موجودہ ڈائریکٹر اے جی آہنگر 31 دسمبر 2021 کی دوپہر کو سبکدوش ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ کہ جولائی 2016میں ڈاکٹر اے جی آہنگر بطور سکمز صورہ کے ڈائریکٹر تعینات کئے گئے تھے۔ تاہم ڈیڑھ برس کے بعد ہی یعنی جنوری 2018 میں انہیں ہٹا دیا گیا تھا ۔جبکہ عدالت کے فیصلے کے بعد انہیں 2019 میں اپنے عہدے پر پھر سے فائز کیا گیا
ڈاکٹر آہنگر کو رواں برس جون مہینے کی 25 تاریخ کو 65برس کی عمر میں ملازمت سے سبکدوش ہونا تھا۔ لیکن کووڈ 19 کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر ان کی ملازمت کی مدت کار کو 6 ماہ تک بڑھا دیا گیا جو کہ اب 31 دسمبر 2021 کو ختم ہونے والی ہے۔
ادھر شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس صورہ میں نئے ڈائریکڑ کی تقرر عمل میں لانے کے حوالے سے بھی تیاریاں شروع کی گئی ہیں۔
سکمز کے سربراہ کی تقرری کے لئے بھارتی شہریوں سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں اور آن لائن درخواست فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ 7 اکتوبر مقرر کی گئ تھی۔
سکمز صورہ کے انتظامیہ میں ایڈیشنل ڈائریکڑ ریاض احمد وانی کے مطابق ڈائریکڑ کے عہدے کے لیے درخواستیں فارم جمع کرانے کی پورٹل کو 7 اکتوبر 2021 کی دوپہر سے بند کردیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ڈائرکٹر سکمز کے عہدے کے لیے کتنے فارم جمع کئے گئے اور کس کس نے اپنے فارم جمع کرائیں ہیں اس بارے میں ابھی کوئی جانکاری نہیں یے۔
مزید پڑھیں:ڈاکٹر اے جی آہنگر مزید 6 ماہ کے لیے ڈائریکٹر سکمز تعینات
البتہ ذرائع کے مطابق سکمز صورہ کی ڈین میڈیکل فیکلٹی میں ڈاکٹر عمر جاوید شاہ اور ڈاکٹر سلیم وانی بطور سکمز ڈائریکٹر کے بڑے دعویداروں میں شمار کئے جارہے ہیں۔