ضلع مجسٹریٹ سرینگر محمد اعجاز اسد کا کہنا ہے کہ سری نگر میں کورونا کیسز میں اضافہ درج ہونے کی وجہ کورونا پروٹوکال کی خلاف ورزی ہے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ جن علاقوں میں کورونا پروٹوکال کی خلاف ورزی کی جارہی ہے ان میں سخت لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔
اعجاز اسد کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں کل کورونا کیسز میں سے پچاس فیصد کیسز سرینگر میں درج ہورہے ہیں۔ ضلع مجسٹریٹ نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز نامہ نگاروں کے ساتھ کیا۔
ضلع ترقیاتی کمشنر نے آج سرینگر کے بازاروں میں کورونا پروٹوکال پر ہو رہے عمل در آمد کا جائزہ لیا ہے۔ ان کے ہمراہ ایس ایس پی سری نگر سندیپ چودھری بھی شریک تھے۔
اعجاز اسد نے کہا کہ ’ہم نے آج بازاروں کا اچانک معائنہ کیا،جن تجارتی مراکز کو کورونا پروٹوکال کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دیکھا گیا ان کو موقع پر ہی سیل کر دیا گیا‘۔
ان کا کہنا ہے ’جموں وکشمیر میں کل کورونا کیسز میں سے پچاس فیصد کیسز سری نگر میں درج ہو رہے ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہاں کورونا پروٹوکال پر عمل نہیں کیا جا رہا ہے‘۔
اعجاز اسد نے کہا کہ جن علاقوں میں کورونا پروٹوکال کی خلاف ورزی ہو رہی ہے ان میں آنے والے دنوں میں سخت لاک ڈاؤن نافذ کیا جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں:سرینگر: فوج کا سُپر 30 سے طلبا کا مستقبل روشن
انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی تاکہ باقی علاقوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔
ایس ایس پی سری نگر سندیپ چودھری نے اس موقع پر کہا کہ کورونا پروٹوکال کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے لوگوں سے کورونا پروٹوکال پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔