درجنوں احتجاجیوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈس اور بینرس اٹھارکھے تھے جن پر 'رقومات واگزار کرو'، 'ٹھیکوں کی معیاد بڑھاؤ' وغیرہ جیسے نعرے درج تھے۔
ٹھیکے داروں نے بدھ کے روز سری نگر کے بادامی باغ علاقے میں واقع چیف انجینئر کے دفتر کے سامنے جمع ہوکر اپنے مطالبات کو لے کر جم کر نعرہ بازی کی۔
احتجاجیوں نے کہا کہ 'اگر ان کے مطالبوں کو عید سے پہلے پورا نہیں کیا گیا تو وہ قومی راجدھانی نئی دہلی میں پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج درج کریں گے'۔
اس موقع پر ملٹری انجینئر سروسز بلڈنگ ایسوسی ایشن آف انڈیا کی سری نگر شاخ کے چیئرمین محمد افضل وانی نے میڈیا کو بتایا کہ متعلقہ محکمہ کی طرف سے رقومات کی عدم واگزاری کے باعث ٹھیکہ داروں کو گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں بدھ کے روز ملٹری انجینئر سروسز ٹھیکہ داروں نے فوجی ہسپتالوں کو سروس فراہم کرنے کے بغیر باقی تمام کام بطور احتجاج معطل کئے ہیں۔
موصوف چیئرمین نے کہا کہ اگر ان کے مطالبوں کو عید سے پہلے پورا نہیں کیا گیا توہ غیر معینہ ہڑتال پر جائیں گے اور دہلی میں پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج درج کریں گے۔
دریں اثنا احتجاجی ٹھیکہ داروں نے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک اور وزارت دفاع سے اپیل کی کہ وہ مداخلت کرکے ان کو درپیش مسائل کو حل کریں۔