کلسٹر یونیورسٹی سرینگر کے طلباء نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ یونیورسٹی کی جانب سے طلباء کو چوتھے سمسٹر کی کلاسز میں حاضر ہونے کو کہا گیا تھا۔ لیکن جب ہم یونیورسٹی گئے تو پتہ چلا کہ 16 نومبر سے انٹرنل پریکٹیکل امتحانات بھی منعقد ہو چکے ہیں۔ اور دسمبر ماہ کی 2 تاریخ سے چوتھے سمسٹر کے امتحان بھی متوقع ہیں۔
انہوں نے پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سمجھ نہیں آ رہا کہ ہم تیسرے اور چوتھے سمسٹر کے امتحانات ایک ساتھ کیسے دے پائیں گے۔ تیسرے سمسٹر کے امتحان دینے کے لیے ہم تیار ہیں لیکن بنا پڑھائی کیے ہم چوتھے سیمسٹر کے امتحان کیسے دے سکتے ہیں۔
جب ای ٹی وی بھارت نے طلباء کے مطالبات کلسٹر یونیورسٹی کی انتظامیہ کے سامنے رکھے تو ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی اپنے طلباء کی بہتری اور روشن مستقبل کے لیے کوشاں ہے، تاہم وادی میں مواصلاتی نظام مکمل طور بحال نہ ہونے کی وجہ سے طلباء سے رابطہ کرنے میں کافی مشکلات پیش آرہی ہیں۔
امتحانات منعقد کرانے سے متعلق انکا کہنا تھا کہ ہم نے اخبارات کے ذریعے ان کو امتحان کی اطلاع دینے کی کوشش کی تھی تاہم اس ضمن میں پوری طرح کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں کچھ طلباء نے ان سے بھی یہ شکایت کی تھی۔ تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ یونیورسٹی انتظامیہ طلباء کے مطالبات پر غور کر کے ان کے حق میں جلد ہی کوئی فیصلہ لے گی۔