مغربی بنگال کے شمالی دیناج پور کے اسلام پور سے ترنمول کانگریس کے امیدوار عبدالکریم چودھری نے حق رائے دہی کے استعمال کے بعد اپنی جیت کو یقینی بتایا۔
ترنمول کانگریس کے سینیئر رہنما اور امیدوار عبدالکریم چودھری نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کا چھٹا مرحلہ بھی پر امن طریقے سے گزر گیا۔
انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال میں جس طرح سے انتخابات ہونے چاہیے تھے ٹھیک اسی طرح اب تک ہوئے بھی ہیں'۔
ترنمول کانگریس کے رہنما کا کہنا ہے کہ 'اسمبلی انتخابات کے پر امن طریقے سے ہونے کا مطلب ہی ہوتا ہے کہ ممتا بنرجی مسلسل تیسری مرتبہ وزیراعلیٰ بنیں گی'۔
انہوں نے کہاکہ ریاست میں پر امن طریقے سے انتخابات ہونے سے بی جے پی کی شکست کے ساتھ ساتھ وہ خودبخود آؤٹ ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ انتخابی کمیشن کے مطابق چار اضلاع کی 43 سیٹوں کے لیے مرکزی فورسز کی 779 کمپنیوں کو تعینات کیا گیا تھا۔ چھٹے مرحلے کی 43 سیٹوں کی ووٹنگ کے لیے شمالی 24 پرگنہ سمیت 4 اضلاع میں 306 امیدوار اپنی اپنی قسمت آزما رہے ہیں جن میں 27 خواتین بھی شامل ہیں۔
چار اضلاع کی 43 سیٹوں پر ہونے والی ووٹنگ کے لیے 14،480 پولنگ مراکز بنائے گئے تھے جہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
غور طلب ہے کہ انتخابی کمیشن نے کورونا وائرس کے مدنظر 72 گھنٹہ قبل ہی ووٹنگ کے لیے انتخابی مہم پر پابندی عائد کر دیا ہے۔ چھٹے مرحلے میں ووٹنگ کے دوران پولنگ مراکز پر سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کورونا گائیڈ لائن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا گیا ہے۔