ملک کے نمبر ایک پارلیمانی سیٹ سہارنپور سے عام انتخابات کے لیے 11 امیدواروں نے پرچہ نامزدگی داخل کیے ہیں، بی جے پی سے راگھولکھن پال شرما، کانگریس سے عمران مسعود، بی ایس پی۔ ایس پی اتحاد سے حاجی فضل الرحمن، عام آدمی پارٹی سے یوگیش دحیہ، شیوپال یادو کی پارٹی' پرگتی شیل پارٹی سے اویس ملک سمیت کل 11 امیدوار اپنی قسمت آزمارہے ہیں۔
پانچ اسمبلی سیٹ پر مشتمل سہارنپور پارلیمانی سیٹ کے لیے کل 17 لاکھ ووٹرز اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ جبکہ 2 اسبملی حلقہ کیرانا پارلیمانی سیٹ میں شامل ہے۔
عام انتخابات کے تعلق سے سہارنپور کے عوام کا کہنا ہے کہ وہ اس مرتبہ ایسی حکومت چاہتے ہیں جو انتخابات کے دوران کیے گئے تمام وعدے کو پورا کرے اور ان پر ثابت قدمی ہوکر چلے۔
ویسے تو سہارنپور ہندو مسلم اتحاد کے لیے مشہور ہے، لیکن سیاسی جماعتیں انتخابات کے لیے امیدوار کا انتخاب ذات برادری پر کرتی ہے۔
سہارنپور پارلیمانی سیٹ کے لیے پانچ اسمبلی سیٹیں ہیں، ان میں سے کسی سیٹ پر گجروں کی تعداد زیادہ ہے تو کسی پر ٹھاکروں کی اکثریت ہے، جبکہ دیہات کے سیٹوں پر دلتوں کی اکثریت ہے۔ پورے پارلیمانی سیٹ کے لیے ٹھاکر سمیت سینی معاشرے کے لوگوں کی تعداد بھی کم نہیں۔ جبکہ اعداد و شمار کے مطابق سہارنپور پارلیمانی سیٹ میں مسلم ووٹرز کی حصہ داری 41 فیصد ہے۔