سہارنپور علاقے کے تھانہ نکوڑ کے گاؤں دولت پور عرف چاپر چڑی کے کچھ نوجوانوں نے رنجش کے چلتے دلت طبقے سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کا بے رحمی سے قتل کر دیا، جس سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔
اس سلسلے میں آج رکن پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن کی قیادت میں بہوجن سماج پارٹی کارکنان نے ایس ایس پی سہارنپور سے ملاقات کی اور نکوڑ کے گاؤں دولت پور عرف چاپر چڑی میں دلت نوجوان آکاش کے قتل کے قصورواروں پر سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اس سلسلے میں ممبر پارلیمنٹ حاجی فضل الرحم نے بتایا کہ 'دلت طبقے سے تعلق رکھنے والا آکاش نام کا نوجوان پولیس فورس میں جانے کے لئے اپنی تیاری کر رہا تھا اور وہ صبح شام دوڑ لگاتا تھا۔ گاؤں کے ہی کچھ لوگوں نے ایک روز قبل اس کے ساتھ بدتمیزی کی۔ گاؤں کے ہی سرکردہ افراد نے اس معاملے کو نپٹا دیا، لیکن اگلے روز آکاش کو ان نوجوانوں نے موت کے گھاٹ اتار دیا۔'
یہ بھی پڑھیں: ساس پر تین بہوؤں کو پیٹنے کا الزام
انہوں نے بتایا کہ 'آکاش کا بڑی بے رحمی سے قتل کیا گیا ہے اور اس کو چاقوؤں سے گود کر مارا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں جرائم پیشہ افراد بے لگام ہو گئے ہیں، ہر طرف جرائم کا بول بالا ہے۔' حاجی فضل الرحمن نے ایس ایس پی سے مطالبہ کیا ہے کہ جن لوگوں نے یہ قتل کیا ہے ان پر سخت سے سخت کارروائی کی جائے اور انہیں گرفتار کر کے جیل بھیجا جائے۔