بھارتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاکستانی فوج نے ضلع پونچھ میں بھارتی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے بھاری مارٹر شلنگ اور بلا اشتعال فائرنگ کی۔ فائرنگ میں 6 افراد زخمی ہوئے، جن میں 12 سالہ کمسن بچہ بھی شامل ہے۔
ضلع ترقیاتی کشمنر پونچھ نے ایجنسی کو بتایا کہ زخمی ہونے والے افراد میں سے تین خواتین سمیت بچے کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
دفاعی ترجمان کے مطابق پاکستانی فوج نے بالاکورٹ میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک تقریباً 3 بجکر 15 منٹ پر فائرنگ شروع کر دی تھی۔ ترجمان نے بتایا کہ بھارتی جوانوں نے پاکستانی فائرنگ کا معقول جواب دیا۔
ادھر پاکستانی حکام کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بھارتی جوانوں کی جانب سے مار ٹر شلنگ کی گئی، جس میں ایک بچہ اور خاتون ہلاک ہو گئے۔
واضح رہے کہ سنہ 2003 میں دونوں ممالک کے درمیان لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کا معاہدہ ہوا تھا۔ اس کے بعد بھی دونوں ممالک ایک دوسرے پر معاہدے کی خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔