جموں سرینگر شاہراہ پر رام بن اور بانہال کے درمیان ٹریفک کی نقل و حرکت تیسرے روز اتوار کو بھی معطل رہی تاہم اتوار رات دیر گئے شاہراہ کو یکطرفہ ٹریفک کیلئے بحال کیا گیا تھا۔ رام بن اور بانہال کے درمیان شاہراہ کی بحالی کا کام اتوار شام تک جاری رہا۔
ضلع ترقیاتی کمشنر رامبن مسرت الاسلام نے بتایا کہ رام بن بانہال سیکٹر میں آدھ درجن سے زائد مقامات پر گری ہوئی پسیوں کے بھاری ملبے اور کیچڑ کو صاف کرنے کی وجہ سے شاہراہ کی بحالی تاخیر کا شکار ہوئی ،اور شاہراہ کی بحالی کا کام اتوار تیسرے روز شام دیر گئے مکمل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کیفٹیریا موڑ رام بن ، ماروگ ، سیتا رام پسی ، خونی نالہ ، سٹیل ٹنل پنتھیال اور مکرکوٹ کے قریب فورلین ٹنل نمبر پانچ کے پاس شاہراہ کی بحالی کا کام جزوی طور پر مکمل ہوا۔
ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہاوے رامبن نے کہا کہ ادھمپوررام بن کے درمیان شاہراہ یکطرفہ طور پر بحال کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رامسو بانہال اور بانہال سے فورلین ٹنل کے آر پار بھاری برفباری سے متاثرہ شاہراہ کو یکطرفہ ٹریفک کے قابل بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسم بہتر ہونے کی صورت میں شاہراہ پر پیر کو دونوں طرف سے صرف چھوٹی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت ہوگی اور اس دوران کسی منی بس یا بڑی گاڑی نہیں چل سکتی۔