ضلع پونچھ میں سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران ایک شخص کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق سکیورٹی فورسز کو اطلاع ملی تھی کہ ضلع کی کنٹرول لائن سے متصل کرنی گاؤں میں کچھ لوگ سرحد پار عسکریت پسندوں سے رابطے میں ہیں اور کسی بڑی واردات کو انجام دینے جارہے ہیں۔
اطلاع کے بعد ایس ایس پی پونچھ ڈاکٹر ونود کمار کی ہدایت پر ڈی ایس پی آپریشن منیش شرما کی قیادت میں پولیس کی ایس او جی ٹیم نے فوج کے ساتھ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا۔
آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے جہانگیر علی ساکن کرنی کو حراست میں لیا اور اس کے بیگ کی تلاشی کے دوران اس سے 2 پستول، 4 چینی دستی بم، 100 پستول راؤنڈ اور 4 پستول میگزین برآمد ہوئے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے تفتیش شروع کی گئی ہے، دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ اسلحہ سورنکوٹ کے بشارت خان اور سانگلہ سورنکوٹ کے سراج کے حوالے کرنے جارہا تھا۔
مزید پڑھیں: راجوری: پولیس اور فوج کی مشترکہ کوشش سے بھاری رقم برآمد
تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ تینوں ملزم عسکریت پسند تنظیم 'جے کے جی ایف' کے ساتھ کام کررہے ہیں اور انہیں ضلع پونچھ میں عسکریت پسندانہ کارروائی انجام دینے کا کام سونپا گیا تھا۔ اس سلسلے میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ان پر ایف آئی آر (227/2021) درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔