اس معاملے میں ملزم کسان بھادورام اور مزید ایک کسان کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے۔ سب انجینئر پی کجور، لائن مین امرت لال اور محکمہ بجلی کے معاون کو آبپاشی پمپوں کے لئے ملزم کاشتکاروں کو غیر قانونی کنکشن دینے اور واقعے کے مقام سے شواہد مٹانے پر گرفتار کیا گیا ہے۔
پرنسپل چیف کنزرویٹر برائے جنگلات راکیش چترودی نے بتایا کہ آج صبح دھرم جے گڑھ جنگل ڈویژن کے گیرسا بیٹ گاؤں میں ایک ہاتھی بجلی کے کرنٹ کی وجہ سے ہلاک ہوگیا۔ اس معاملے کے بارے میں اطلاع ملنے پر محکمہ جنگلات کے اعلی عہدیدار موقع پرپہنچے تو پتہ چلا کہ بجلی کے کھمبے سے کسان بھادورام اور ایک اور کسان نے غیر قانونی طور پر تار کو بجلی کے پول سے کھینچ لیا تھا، جس کی وجہ سے اس ہاتھی کی موت ہوگئی ہے۔
چیف کنزرویٹر برائے جنگلات بلاس پور انل سونی اور دھرم جے گڑھ ڈی ایف او پرینکا پانڈے نے دونوں ملزم کسانوں سے آب پاشی کے پمپوں کے لئے غیر قانونی تاروں کو کھینچنے سے متعلق پوچھ گچھ کی اور ان کے خلاف وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت کارروائی کی ہدایت کی۔
سب انجینئر سمیت دو بجلی ملازموں کے خلاف ثبوت مٹانے کے معاملے میں کارروائی کی گئی ہے۔