سیلاب زدہ علاقوں کا جائزہ لے کر لوٹے وزیراعلٰی نتیش کمار نے آج کہا کہ مجھے اس کا کوئی علم نہیں ہے کہ پارٹی سے کتنے وزیر کابینہ میں شامل ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ اب پارٹی کے سارے فیصلوں کے لئے ہم نے قومی صدر آر سی پی سنگھ کو اختیار دیا ہے۔ مرکزی کابینہ میں کتنے لوگ شامل ہونگے اس متعلق سبھی فیصلے آر سی پی سنگھ ہی کریں گے اور وزیر اعظم نریندر مودی جو فیصلہ لیں گے وہ بہتر ہوگا۔
وزیراعلٰی نتیش کمار نے کہا کہ پارٹی کے متعلق جتنی ذمہ داریاں ہیں وہ میں نے چھوڑ دی ہیں۔ اب پوری طرح سرکار چلانے پر فوکس کررہا ہوں۔
وزیر اعلٰی نتیش کمار نے کہا کہ اب پھر سے جنتا دربار لگایا جائے گا۔ آئندہ پیر کے روز سے اس پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ یہ پہلے بھی چلتا تھا." پبلک سروس رائٹس" ایکٹ شروع ہو نے کی وجہ سے اسے بند کر دیا گیا تھا۔ اب لوگوں کا مطالبہ ہے کہ اسے شروع کیا جائے تو ہر مہینے کے تین 'پیر کے دن' کو جنتا دربار لگے گا۔ اس میں ہر ضلع سے لوگ آئیں گے اور ان کے آنے جانے کا پورا نظم ضلع انتظامیہ کی جانب سے کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:گیا: چوری کی گاڑی پر نمبر پلیٹ بدل کر گھومتے پکڑے گئے کوچنگ ماسٹر
سیلاب متاثرہ علاقوں کا ہوائی جائزہ لینے کے بعد وزیر اعلٰی نتیش کمار نے بتایا کہ پانچ ضلعوں کا آج دورہ کیا ہے۔ کل تین اور اضلاع کا دورہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تمام سیلاب متاثرہ اضلاع کے افسران سے بات کریں گے۔ کس طرح کے مسائل ہیں اور کیا انتظامات کیے جاسکتے ہیں۔ اس کی پوری اطلاع کے بعد راحت کے کام شروع کیے جائیں گے۔