چین کے وہان شہر سے پھیلے کورونا وائرس نے آج آدھی دنیا کو اپنی زد میں لے لیا ہے۔ پوری دنیا اس سے خوفزدہ ہے۔ عالمی معیشت پر اس کا گہرا اثر پڑا ہے۔ ایلو پیتھی طریقہ علاج اب تک اس کو پوری طرح سے قابو میں کرنے سے قاصر ہے جبکہ ہومیوپیتھی نے اسے پوری طرح سے قابو میں کرنے کا دعوی کیا ہے۔ ہومیوپیتھی میڈیکل ایسوسی ایشن آف انڈیا پٹنہ کے صدر ڈاکٹر ارشاد حسن معصومی کی ٹیم نے اس مرض پر پوری طرح سے قابو کرنے کا دعوی کیا ہے۔
ملک کے معروف ہومیوپیتھک ڈاکٹر بی بھٹاچاریہ کے اسسٹنٹ رہے ڈاکٹر ارشاد حسن معصومی نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی ملاقات میں کہا کہ ہومیوپیتھی سے یہ وائرس پوری طرح سے قابو میں آجاتا ہے۔ مریض پوری طرح شفایاب ہو جاتے ہیں۔ ڈاکٹر ارشاد حسن معصومی لوگوں میں کورونا وائرس کی دوا مفت تقسیم کر رہے ہیں۔
ہومیوپیتھی میڈیکل ایسوسی ایشن آف انڈیا پٹنہ کے صدر ڈاکٹر ارشاد حسن معصومی نے کہا کہ کورونا بھی انفلوئنزا کی شکل ہے۔ ہومیوپیتھی کے ذریعے اس مرض پر پوری طرح سے قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے ڈسپنسری پر لوگوں کو مفت اس مرض کی دوا دے رہا ہوں۔
کیسے بچا جا سکتا ہے
انہوں نے اس مرض کو قابو میں کرنے کے لیے ہومیو پیتھی کی کچھ دوائیں بتائیں اور ساتھ ہی کہا کہ لوگ خالی پیٹ نہ رہیں اور پانی زیادہ سے زیادہ پینے کی عادت ڈالیں۔ گوشت سے پرہیز کیا جائے خصوصی طور پر برائلر چکن نقصان دہ ہے۔ سبزیوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے۔
ہومیوپیتھی مریض کا نہیں مرض کا علاج کرتی ہے۔ اگر حکومت ہومیوپیتھی کی طرف توجہ دے اور اس کو وسائل مہیا کرے تو تمام تر امراض اور مسائل کو آسانی سے حل کیا جا سکتا ہے۔