بہار کے ضلع کشن گنج سے متصل پورنیہ میں کورونا مریض ملنے سے لوگ دہشت میں آگئے ہیں۔ ضلع انتظامیہ بھی پوری طرح مستعد ہے۔
پورنیہ سے قبل ارریہ کے شمالی علاقے میں، مغربی بنگال، نیپال بارڈر، ٹھاکر گنج سمیت دو درجن راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔ خود ضلع مجسٹریٹ آدتیہ پرکاش، ایس پی کمار آشیش اور ایس ڈی ایم شاہنواز نیازی سبھی اہم سڑکوں اور راستوں کا مستقل معائنہ کر رہے ہیں۔
ضلع مجسٹریٹ آدتیہ پرکاش نے کشن گنج کی عوام سے اپیل کی ہے کہ کوئی بھی شخص بلا وجہ گھر سے باہر نہ نکلے اور نہ ہی ہاٹ بازاروں میں خریداری کرتے وقت اکٹھے کھڑے ہوں۔
پورنیہ میں ملے کورونا پازیٹیو مریض کے تعلق سے آدتیہ پرکاش نے کہا کہ ہمارے لیے چیلنج بڑھ گیا ہے لیکن اس سے پینک ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ گھروں میں رہیں محفوظ رہیں۔ اگر کوئی بھی شخص باہر سے آتا ہے تو اس کی جانکاری ضلع انتظامیہ کو ضرور دیں۔
غور طلب ہیکہ کشن گنج سے متصل پورنیہ میں گزشتہ روز کورونا کا پہلا متاثرہ مریض پایا گیا ہے۔ اسے آئسولیشن وارڈ میں داخل کرا دیا گیا ہے۔
متاثر کے والد اور بھائی کا بھی نمونہ جانچ کے لئے بھیجا گیا ہے۔ متاثرہ مریض تین دن پہلے ٹرک کے ذریعہ دہلی سے پورنیہ پہونچا تھا۔ اس کے پریوار کے لوگوں کو آئسولیٹ کر دیا گیا ہے۔
متاثر کے گھر رام باغ میں تین کلومیٹر کے علاقے کو سیل کردیا گیا ہے۔