تیجسوی یادو نے جمعرات کے روز ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ وہ ریاست کے نائب وزیراعلیٰ کے عہدے پر رہے ہیں۔ آج تک ان پر کسی طرح کا کوئی داغ نہیں لگاہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ اور جنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو) کے قومی صدر نتیش کمار نے اس معاملے میں ان پر اور ان کے بڑے بھائی تیج پڑتاپ یادو پر جھوٹا الزام لگایا ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ اس معاملے میں ان کے خلاف پوری طرح سے سیاسی سازش کی گئی ہے۔ انہوں نے سوالیہ لہجے میں کہاکہ وزیراعلیٰ مسٹر کمار انتخاب میں اپنی پارٹی کی شکست سے گھبرا کر اس طرح کا جھوٹا الزام لگا رہے ہیں۔ اس لیے مسٹر کمار عوامی طور پر معافی مانگیں نہیں تو ہتک عزت کا مقدمہ کیاجائےگا۔
تیجسوی یادو نے کہاکہ شکتی ملک کو کس نے ویڈیو بنانے کے لیے کہا تھا اور ان کی اہلیہ کو سکھا کر ان کے خلاف کس نے جھوٹا بیان دلوایا تھا۔ انہوں نے الزام لگایاکہ مسٹر کمار کے خلاف قتل کا معاملہ ہے اور کورٹ میں اب تک اس پر نوٹس بھی نہیں لیا گیا ہے۔ حالانکہ، انہوں نے کہاکہ وہ اس پر کچھ بھی نہیں بولیں گے۔
انہوں نے کہاکہ بڑی محنت سے شبیہہ بنتی ہے لیکن وہ ایک لمحے میں ختم بھی ہوجاتی ہے۔ واضح رہے کہ مسٹر یادو نے اس قتل کے معاملے میں کل ہی وزیراعلیٰ کو خط لکھ کر اپنے خلاف مرکزی جانچ بیورو( سی بی آئی ) سے جانچ کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔