مدھوبنی: بہار اسمبلی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لیے تشہیری مہم زوروں پر ہے، جہاں سیاسی پارٹیاں ووٹرز کو راغب کرنے کے لیے ہر ہتھکنڈے اپنا رہی ہیں، اور اپنے امیدواروں کے حق میں ووٹ کرنے کی اییل کر رہی ہیں۔ اس دوران متعدد مقامات پر سیاسی رہنماؤں کو احتجاج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تشہیری مہم کے سلسلے میں منگل کے روز جب بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار ہرلاکھی اسمبلی حلقہ پہنچے تو انہیں مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ جہاں نتیش کمار پر خطاب کے دوران پیاز اور پتھر پھینکا گیا۔
نتیش کمار کے سکیورٹی اہلکاروں نے پتھر پھینکنے والے شخص کو روکنے کی کوشش کی، لیکن نتیش کمار نے کہا کہ اسے پھینک دو، جتنا پھینکنا ہے پھینکنے دو۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس جانب توجہ دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ سی ایم نتیش جے ڈی یو امیدوار سدھانشو شیکھر کے لیے تشہیری مہم کرنے پہنچے تھے۔
واضح رہے کہ اس بار انتخابی مہم کے دوران نتیش کمار کو متعدد بار مخالفت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بہت سی ریلیوں میں نتیش کمار کے سامنے ان کے خلاف نعرے بازی کی گئی ہے۔