شہریت ترمیمی قانون اور قومی شہری رجسٹر کے خلاف بہار کی اہم اپوزیشن جماعت راشٹریہ جنتادل نے بہار بند کے دوران ریاست میں ٹرین اور روڈ ٹرانسپورٹ ہڑتال کیا۔
آر جے ڈی کے بند کے دوران کارکن صبح تقریباَ ساڑھے نو بجے پٹنہ کے راجندر نگر ٹرمنل کے پٹری پر لیٹ گئے، جس کی وجہ سے کچھ دیر کے لئے آمدورفت پوری طرح متاثر رہا، دوسری طرف راجدھانی کے اہم ڈاک بنگلہ چوراہا اور انکم ٹیکس گولمبر کے نزدیک مظاہرہ کرکے ٹریفک میں رخنہ ڈالا گیا۔
سیکڑوں کی تعداد میں آر جے ڈی کے بینر لئے کارکن ٹریفک پولیس پوسٹ پر چڑھ کر حکومت کے خلاف نعرے بازی کررہے ہیں۔حالانکہ اس دوران وہاں موجود پولیس نے کچھ دیر بعد ہی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ آر جے ڈی کے اس بند کو مہاگٹھ بندھن میں ان کی معاون جماعت راشٹریہ لوک سمتا پارٹی اور لیفٹ پارٹیوں نے بھی حمایت دی ہے۔
آر ایل ایس پی کے صدر اور سابق مرکزی وزیر اوپیندر کشواہا بند کی حمایت میں پٹنہ کی سڑکوں پر مارچ کرکے بند کو کامیاب بنانے کی اپیل کررہے ہیں۔ مسٹر کشواہا نے مرکزی حکومت سے اس کالے قانون کو واپس لینے کی مانگ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون سے پیدا ہوئے عوامی جذبات کی مرکزی حکومت قدر کرے اور اسے فوری طورپر واپس لے۔
بند کے پیش نظر راجدھانی پٹنہ کے اہم بازار سمیت کئی بڑے ادارے احتیاط کے طورپر بند رہے، وہیں کچھ اہم اسکولوں کی انتظامیہ نے اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ بازار میں سناٹا چھایا ہوا ہے اور دفتر جانے والے لوگ گلیوں سے جا رہے ہیں۔ پٹنہ کے کئی متبادل راستوں میں گاڑیوں کا دباو بڑھنے کی وجہ سے جام کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
اس درمیان ارریا سے موصولہ رپورٹ کے مطابق بڑی تعدادا میں آر جے ڈی کارکنوں نے اسٹیشنوں پر دھرنا دیکر ارریا۔جوگ بنی سواری گاڑی کو روک دیا۔ اس کے علاوہ قومی شاہراہ سمیت کئی ریاستوں پر بند حامی مظاہرہ کررہے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک بری طرح سے ٹھپ ہے۔ جہان آباد میں بھی سی اے اے اور این آر سی کے خلاف آر جے ڈی اور لیفٹ پارٹیوں کے کارکنوں نے پٹری پر دھرنا دیا۔
پٹنہ۔رانچی جن شتابدی ایکسپریس ٹرین کو کچھ دیر کے لئے روک دیا۔ اس کے علاوہ سڑکوں پر جگہ جگہ مظاہرین ٹریفک میں رخنہ ڈال رہے ہیں۔
دربھنگہ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق، دربھنگہ سے دہلی جانے والی بہار سمپرک کرانتی سپرفاسٹ ایکسپریس ٹرین کو روک دیا گیا ہے۔ پارٹی کارکن بینر اور پوسٹر لیکر ٹرین کے انجن پر چڑھ کر نعرے بازی کررہے ہیں،وہیں پارٹی کے کارکن سڑکوں پر بھی مظاہرہ کرکے ٹریفک میں رخنہ ڈالنے میں لگے ہوئے ہیں۔
بکسر سے موصولہ رپورٹ کے مطابق سی اے اے اور این آر سی کے خلاف آر جے ڈی کے بہار بند کے دوران بکسر میں بڑی تعداد میں پارٹی کارکنوں اور ضلعی صدر ببلو یادو کی قیادت میں بکسر ریلوے اسٹیشن پہنچے، جہاں انہوں نے شرم جیوی ایکسپریس کو روک کر اپنا احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ انکی پارٹی نے بہار بند کی اپیل کی ہے اور عوام سے حمایت مانگی ہے تاکہ این آر سی اور سی اے اے جیسے کالے قانون کو نافذ ہونے سے روکا جاسکے۔
مزید پڑھیں: ماحولیات کے تئیں بین الاقوامی لاپرواہی، خودکشی کے مترادف
اس کے علاوہ بھاگلپور، گیا، سوپول، سمستی پور سمیت کئی اضلاع میں آر جے ڈی کے کارکن اس قانون کے خلاف سڑکوں پر اترکر مظاہرہ کررہے ہیں۔