یوں تو اس وقت تقریباً سبھی جگہوں پر پانی کا جماوڑہ ہے لیکن کوچادھامن حلقہ کے بشن پور پنچایت میں لوگوں کو سب سے زیادہ پریشانی اٹھانی پڑ رہی ہے۔ اس کی وجہ نالے کا نہ ہونا ہے۔
بشن پور پنچایت کی عوام کا الزام ہے کہ ان کے نمائندے ان کے مسائل کو لیکر سنجیدہ نہیں ہے۔ نام واضح نہیں کرنے کی شرط پر ایک شخص نے بتایا کہ انتخاب کے دوران بڑے بڑے وعدے کئے گئے تھے لیکن آج سارے وعدے کھوکھلے ثابت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی بارش ہوتی ہے سڑک پانی سے ڈوب جاتی ہے ساتھ ہی آس پاس کی گندگی پانی کے ساتھ بہ کر ہمارے گھروں آنگنوں میں گھس آتی ہے۔ کبھی کبھی تو زہریلے سانپ بھی پانی کے ساتھ بہ کر گھروں میں گھس آتے ہیں۔
نمائندہ ائی ٹی وی بھارت سے اپنی شکایت درج کراتے ہوئے لوگوں نے کہا کہ اس وقت ہمیں نالے کی سخت ضرورت ہے۔ جب تک نالہ نہیں بنے گا تب تک پانی کو باہر نکالنا ممکن نہیں ہے۔
حالانکہ اس سلسلے میں پنچایت کے مکھیا مناظر عالم سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن رابطہ نہیں ہو سکا۔ غور طلب ہے کہ یہ پنچایت کسی نہ کسی وجہ سے اکثر سرخیوں میں رہتا ہے۔ گزشتہ دنوں مکھیا پر جان لیوا حملہ کو لیکر یہ پنچایت سرخیوں میں تھا۔ مکھیا مناظر سے پہلے پنٹو چودھری یہاں کے مکھیا تھے جنہیں ہندوستان کے صدر کے ہاتھوں بیسٹ مکھیا کا خطاب مل چکا ہے۔