مرکزی حکومت کے ذریعہ شہریت ترمیم بل لوک سبھا و راجیہ سبھا سے پاس ہونے کے بعد سے حکومت کو عوام کی جانب سے لگاتار مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
عوام کے علاوہ مختلف پارٹی و تنظیموں کی جانب سے بھی بڑے پیمانے پر سڑکوں پر اتر کر قانون واپس لئے جانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، اسی ضمن میں آج راشٹریہ جنتا دل کی جانب سے قانون کی مخالفت میں بہار بند کا اعلان کیا گیا تھا جس کا اثر ارریہ میں بھی صاف طور پر دیکھنے کو ملا۔
بند کی وجہ سے لوگ اپنی اپنی ضروریات کا سامان خریدتے دکھائی دئے، صبح آٹھ بجے سے راجد کارکنان سڑکوں پر نکل پڑے اور مرکزی حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی کرتے ہوئے این آر سی و سی اے اے قانون واپس لئے جانے کا مطالبہ کرنے لگے۔
بند کا اثر شہر کے چاندنی چوک، زیرو مائل، اے ڈی بی چوک، آزاد نگر، تارن چوک، جوکی ھاٹ، فاربس گنج، سکٹی، پلاسی، رانی گنج، نرپت گنج وغیرہ علاقوں میں زبردست طریقے سے رہا، راجد کارکنان نے کئی جگہوں پر آگ زنی بھی کی تاہم کہیں سے کوئی ناخوشگوار واقعات کی خبر نہیں ہے۔
این آر سی بل کے مخالفت میں خواتین بھی جوش و خروش کے ساتھ سڑکوں پر اتری اور مرکزی حکومت کے اس منصوبہ کو عوام مخالف قانون بتا یا۔
مکھیا سعد احمد ببلو نے کہا کہ مودی و امت شاہ مذہب کے نام پر اس ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس سے یہاں کی سیکولر عوام کامیاب ہونے نہیں دے گی۔
یہ ملک ہمارا ہے، اس ملک کو آزاد کرانے میں دیگر مذاہب کے لوگوں کے ساتھ ہمارے آباو اجداد نے بھی قربانیاں پیش کی ہیں۔
مزید پڑھیں: گوتم گمبھیر کو جان سے مارنے کی دھمکی
راشٹریہ جنتا دل کی جانب سے بہار بند کی حمایت مقامی کئی تنظیموں نے بھی کی تھی جس کی وجہ سے بند کامیاب رہا، ہائی وے پر گاڑیوں کی لمبی لمبی قطار لگی رہی، اسکول و دیگر دوکانیں بند رہیں مظاہرین نے ایمبولینس و مریضوں کو آنے جانے میں پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے اس کے لئے الگ سے نظم کیا۔