یونیورسٹی کے پی آر او محمد مدثر عالم نے بتایا کہ جاریہ تعلیمی سال 2020-21 سے پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما ان یوگ کو شروع کیا جا رہا ہے۔ یہ کورس ایک سال کا ہے اور اس کے لئے ملک کی کسی بھی یونیورسٹی یا ادارے سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کرنے والے طلبا آن لائن درخواست داخل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ہرش چندر سنگھ راٹھور نے اکیڈمک کونسل کے ارکان، رجسٹرار کرنل راجیو کمار سنگھ، کنٹرولر امتحانات رشمی تری پاٹھی کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے بعد اس نئے کورس کے آغاز کا فیصلہ کیا۔ کورس کے بارے میں مزید معلومات فراہم کرتے ہوئے رشمی تری پاٹھی نے کہا کہ اس ایک سالہ کورس کو اسکول آف ایجوکیشن کے تحت شروع کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد یوگ میں ایک اچّھا کیریئر بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آن لائن درخواستوں کی آخری تاریخ 6 اکتوبر ہوگی۔ کورس کے متعلق تفصیلات یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.cusb.ac.in پر دستیاب ہے۔ داخلے کے لئے دلچسپی رکھنے والے طلبا ویب سائٹ کے ذریعہ درخواست داخل کر سکتے ہیں۔
ڈپارٹمنٹ آف فزیکل ایجوکیشن کے صدر ڈاکٹر آشیش کمار سنگھ نے کہا کہ پی جی ڈپلوما کورس کا آغاز جسمانی اور دماغی فٹنس کیلئے کیا جا رہا ہے۔ جنرل اور او بی سی درجے کے طلبا جنہوں نے گریجویشن میں 45 فیصد نمبرز حاصل کیے ہوں وہ اہل ہوں گے جبکہ ایس سی، ایس ٹی کے ساتھ ساتھ ای ڈبلیو ایس زمرہ کے طلبا کے لئے گریجویشن میں 40 فیصد نشانات لانا کافی ہوگا۔ داخلے کے لئے خواہشمند طلبا کی عمر یکم جولائی 2020 کو 30 سال سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ درخواستیں داخل کرنے کے لئے جنرل، او بی سی اور ای ڈبلیو ایس درجے کے طلبا کی فیس 800 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ ایس سی، ایس ٹی طلبا کے لئے یہ فیس 350 روپئے ہوگی۔