وزیراعلٰی نتیش کمار نے آج دہلی سے لوٹنے کے بعد پٹنہ ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سے ملاقات ہوئی، کئی موضوعات پر ان سے گفتگو بھی ہوئی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ریاست میں گورنر کے ذریعہ نامزد کیے جانے والے 12 قانون ساز کونسل کے اراکین کی نامزدگی کا عمل جلد پورا ہو جائے گا۔
انہوں نے کورونا ویکسین کے معاملے میں ہوئی بدعنوانی پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کہیں ایسا ہوا ہے تو قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعلٰی نے مزید کہا کہ میں نے چلتے وقت ہی محکمہ صحت کے سیکریٹری سے گفتگو کی ہے۔
نتیش کمار نے پیکسوں کے ذریعہ دھان کی خریداری کے لیے اندراج کیے جانے کی اطلاع پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تو کہہ دیا تھا کہ بغیر رجسٹریشن کے ہی دھان خریداری کی جائے گی۔ اگر ایسا کہیں ہو رہا ہے، تو ہم اس کی خبر لیں گے۔