بہار اسمبلی کی کارروائی حزب مخالف کے ہنگامے کی وجہ سے ملتوی کر دی گئی۔ پٹنہ میں کانگریس کے رہنماؤں نے ان پر ہوئے لاٹھی چارج کے خلاف اسمبلی میں زبردست ہنگامہ کیا۔ آر جے ڈی کانگریس اور بائیں بازو کے اراکین نے ہاتھوں میں تختیاں لے کر حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔
حزب مخالف کے لیڈر تیجسوی یادو نے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ این ڈی اے حکومت ریاست میں ہر محاذ پر ناکام ہے۔ ہر طرف بدامنی اور بے چینی پائی جا رہی ہے۔ جب سے یہ حکومت قائم ہوئی ہے ریاست میں طرح طرح کے مسائل سامنے آئے ہیں، جس کا اب تک کوئی حل نہیں ہوا ہے۔ تیجسوی یادو بہار میں بڑھتے جرائم، بے روزگاری، عصمت دری لوٹ اساتذہ کے مسائل اور گزشتہ مہینے دارالحکومت پٹنہ میں پانی جمع ہونے کے معاملے پر بھی وزیراعلی نتیش کمار کو ناکام قرار دیا ہے۔
تیجسوی نے کانگریس کے لیڈران پر پولیس کے ذریعہ کیے گئے لاٹھی چارج کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے خلاف سننا نہیں چاہتی ان کی ناکامی پر جب کوئی بیان دیتا ہے تو اس کے خلاف پولیس کا استعمال کیا جاتا ہے۔