پٹنہ: وزیر اعلیٰ نے افسران کو ریمپ راستے کے بغل سے مضبوط ریلنگ دینے کی ہدایت دی تاکہ مسافر محفوظ آمدو رفت کر سکیں۔ نئے روپ وے کی تعمیر کے کام کو جلد سے جلد مکمل کر نے کی وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی۔ انہوں نے قدیم روپ وے کا بھی معائنہ اور اس کے بہتر رکھ رکھاﺅ کے لیے افسران کو کئی مشورے دیے۔
میڈیا سے بات کر تے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ راجگیر کا نیا روپوے 25 اکتوبر 2019 تک ہی بن کر تیار ہو جانا تھا۔ لیکن کچھ ترمیم کے کام کے ساتھ کورونا کے سبب بھی اس میں تاخیر ہوئی۔ اسے ہر حال میں فروری سے پہلے ہی تیار کر لینا ہے۔ اس کی تعمیر سے سیاحوں کے ساتھ مقامی لوگوں کو بھی بہت سہولت ہو گی۔
نئے روپوے کی تعمیر کے کام کے معائنہ کے بعد وزیر اعلیٰ نے گھوڑا کٹورا کا دورہ کیا۔ دورہ کے دوران گھوڑا کٹورا پارک، گھوڑا کٹورا جھیل کا بھی انہوں نے معائنہ کیا۔ انہوں نے محکمہ جنگلات کے افسران کو ہدایت دی کہ جنگل کے کچڑے اور باقیات کو جلائیں نہیں، بلکہ اسے ایک جگہ گڈھے میں رکھ دیں، تاکہ وہ کھاد کی شکل میں تبدیل ہو سکے۔ باقیات کو جلانے سے ماحولیات کا نقصان ہو تا ہے۔
اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے ’وینو ون‘ کابھی معائنہ کیا وینو ون میں چل رہے کام کا انہوں نے قریب سے جائزہ لیا اور افسران کو تعمیر کا کام اور تزئین کاری سے متعلق ضروری ہدایتیں دیں۔ دورہ کے دوران وزیر اعلیٰ نے وینو ون کے تالاب میں مچھلی اور بطخ کو دانہ کھلا یا۔انہوں نے یہاں کے توسیعی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔
میڈیا سے بات کر تے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وینو ون کی توسیع کا منصوبہ بنا یا گیا تھا اسے تیزی سے مکمل کیا جارہا ہے۔ وینو ون کی تعمیر کا کام مکمل ہو نے کے بعد بہت خوبصورت لگے گا۔ اس کی تعمیر کا کام تیزی سے چل رہا ہے اور جلد ہی اسے مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے معائنہ کے دوران کئی مشورے بھی دیے۔ وینو ون میں تعمیر کا کام مکمل ہو نے کے بعد بڑی تعداد میں لوگ آئیں گے۔ یہاں بچوں کے ساتھ ساتھ تمام لوگوں کی سہولتوں کا خیال رکھا گیا ہے۔ یہاں دوسرے ممالک کے بھی پوجا کے لیے آتے ہیں۔ ان کی بھی سہولت کو ذہن میں رکھتے ہوئے نئی ڈیزائن کے تحت تالاب کے ارد گرد تعمیر کا کام کرایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی مقام ہے جہاں 2600سال قبل مہاتما بودھ آئے تھے۔ یہاں وہ جس طرح گھوما کر تے تھے اس کو بنیاد بنا کر جتنا ممکن ہو سکا ہے اس کی تو سیع کی گئی ہے۔ وینو ون میں ایسا انتظام کیا جا رہا ہے کہ بڑی تعداد میں سیاح یہاں آکر لطف اندوز ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ زو سفاری کا کام بھی تیزی سے چل رہا ہے اور اس کی تعمیر مکمل ہو نے سے سیاح اس کا فائدہ اٹھا سکیں گے۔
دورہ کے بعد وزیر اعلیٰ اسٹیٹ گیسٹ ہاﺅس گئے جہاں ممبر پارلیمنٹ کوشلیندر کمار ،ممبر اسمبلی شرون کمار ، ممبر اسمبلی کوشل کشور ، ممبر اسمبلی جتندر کمار ، ممبر اسمبلی جناب کرشن مراری شرن عرف پریم مکھیا سمیت دیگر عوامی نمائندوں اور اہم شخصیات نے ان کا استقبال کیا۔
دورہ کے دوران چیف سیکریٹری دیپک کمار، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری چنچل کمار، فن و ثقافت اور یوتھ محکمہ کے پرنسپل سیکریٹری منوبھائی پرمار، وزیر اعلیٰ کے سیکریٹری منیش کمار ورما، پٹنہ رینج کے ڈی آئی جی سنجے سنگھ، وزیر اعلیٰ کے اوایس ڈی گوپال سنگھ، نالندہ کے ڈی ایم یوگندر سنگھ، نالندہ کے ایس پی نلیش کمار سمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے۔