ریاست بہار کے ضلع گیا میں ممنوعہ نکسلی تنظیم بھاکپا ماووادی کا سب ژونل کمانڈر امریش بھوئیاں نے پولیس کے سامنے خودسپردگی کی۔
امریش گذشتہ نو برسوں سے نکسلی تنظیم میں تھا اور اسکی قیادت میں درجنوں مجرمانہ واقعات انجام دیے گئے ہیں۔
امریش بھوئیاں نے ایس ایس پی راجیومشرا کے دفتر پہنچ کر خودسپردگی کی ہے۔ امریش نے جب سے نکسلی تنظیم جوائن کیا تھا تب سے وہ پولیس کی گرفت سے باہرتھا۔
مرکزی حکومت کی پالیسی کے تحت معاشرے کے مین اسٹریم سے بھٹکے افراد کو واپس مین اسٹریم میں لانے کے منصوبے کے تحت ضلع پولیس کے ساتھ سی آرپی ایف، کوبرا اور ایس ایس بی کی مشترکہ کوششوں کی وجہ سے امریش نے خودسپردگی کی ہے۔
امریش ضلع گیا کے میگرا تھانہ حلقہ کارہنے والا ہے۔خود سپردگی کے وقت امریش نے ایس ایس پی کو بتایاکہ اس نے نکسلی تنظیم میں کیوں اور کیسے گیا۔
ایس ایس پی راجیو مشرا نے بتایاکہ' پوچھ تاچھ میں امریش نے بتایاکہ سنہ2011 میں اسکے کسی قریبی اور محلے کے کچھ بڑے لوگوں کے ساتھ زمینی تنازع چل رہاتھا، اسے پریشان کیا جارہاتھا تبھی وہ نکسلی تنظیم سے جا ملا۔
نکسلیوں نے زمین چھوڑوانے کے ساتھ اسے دیگر سبز باغ دکھائے اسی لالچ میں امریش نے نکسلیوں کے ساتھ جڑنے کافیصلہ کیا۔
اس نے مزید بتایاکہ نکسلی تنظیم میں وہ سب ژونل کمانڈر کے طور پرتھا اور ضلع کے بانکے بازار، امام گنج، آمس، شیرگھاٹی اور دیگر علاقوں میں نکسلی وارداتوں میں وہ شامل رہاہے۔
ایس ایس پی راجیو مشرا نے بتایا کہ' خود سپردگی کے بعد امریش کو جیل بھیج دیاجارہا ہے۔ واپسی کے بعد مرکزی حکومت کی جانب سے جو منصوبے اس تعلق سے تیار کیے گئے ہیں وہ سارے امریش کو دستیاب ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ امید ہے کہ اب امریش معاشرے کے مین اسٹریم میں آکر اچھی زندگی بسر کرےگا۔